پاک فضائیہ کے شاہینوں نے ایک بار پھر دنیا کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی ہے، منفرد مارکنگز کے ساتھ جے ایف 17 تھنڈر اور سی 130 طیارے رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو (ریاٹ) 2025 میں شرکت کے لیے برطانیہ پہنچ گئے۔
آر اے ایف فیئر فورڈ کے رن وے پر جب پاکستانی طیارے اترے تو دیکھنے والوں کی نظریں ان کے شاندار رنگوں اور ڈیزائنز پر جم گئیں۔ نمبر 8 اسکواڈرن کے دو جے ایف 17 تھنڈر، نمبر 6 اسکواڈرن کا سی 130 ہرکولیس، اور لاجسٹک سپورٹ کے لیے آئے آئی ایل 78 طیارے نے سب کی توجہ سمیٹ لی۔
سی 130 طیارے کے اگلے حصے پر نہایت دلکش انداز میں ایک بلند پرواز شاہین کی پینٹنگ کی گئی ہے، جبکہ دم پر پاک فضائیہ کے مختلف جنگی طیاروں اور ڈرونز کی شبیہیں بھی دیکھی جا سکتی ہیں۔ یہ طیارہ ریاٹ 2025 کے لیے سب سے پہلے پہنچنے والے طیاروں میں سے تھا۔
جے ایف 17 تھنڈر پر بنائی گئی خصوصی مارکنگز نے بھی ایوی ایشن حلقوں میں دھوم مچا دی ہے۔ شو کے منتظمین اور شائقین ان شاہکار طیاروں کو قریب سے دیکھنے کے لیے بےتاب ہیں۔
یاد رہے کہ ریاٹ دنیا کا سب سے بڑا ملٹری ایوی ایشن ایئر شو ہے، جس کا باضابطہ آغاز 18 جولائی سے ہوگا، تاہم طیاروں کی آمد کا سلسلہ آج سے ہی شروع ہو چکا ہے۔
ایوی ایشن کے شوقین افراد اب پاک فضائیہ کے ان فن پاروں کے منتظر ہیں، جو نہ صرف پاکستان کی فضائی مہارت کا مظاہرہ کریں گے بلکہ قومی وقار کی بلندی کا پیغام بھی دیں گے۔