پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اسلحہ کنٹرول، تخفیفِ اسلحہ اور عدم پھیلاؤ سے متعلق مذاکرات کا ساتواں دور 16 جولائی کو لندن میں منعقد ہوا۔ پاکستان کی نمائندگی وزارتِ خارجہ اسلام آباد میں ایڈیشنل سیکریٹری برائے اسلحہ کنٹرول، تخفیفِ اسلحہ و بین الاقوامی سلامتی، سفیر طاہر اندرابی نے کی، جبکہ برطانیہ کی طرف سے سفیر اسٹیفن لِلیCMG)، ڈائریکٹر برائے دفاع اور بین الاقوامی سلامتی، فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس (FCDO) نے وفد کی قیادت کی۔
مذاکرات میں عالمی و علاقائی سلامتی، اسٹریٹجک استحکام، اسلحہ کنٹرول، تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلاؤ جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی (پہلی کمیٹی)، کانفرنس آن ڈس آرمامنٹ(CD)، اور مختلف عالمی کنونشنز جیسے BTWC،CWC اور CCW، کثیرالملکی برآمدی کنٹرول کے نظام، اور نئی و ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے استعمال و اثرات پر بھی سیر حاصل تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید پڑھیں: ملکہ کمیلا ‘وائس ایڈمرل آف دی یونائیٹڈ کنگ ڈم’ مقرر ہونے والی برطانیہ کی پہلی شاہی خاتون بن گئیں
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان پر امن نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے استعمال میں دوطرفہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین اس اہم موضوع پر یہ مذاکراتی سلسلہ 2015 سے جاری ہے، اور یہ دو طرفہ تعلقات کے وسیع تر فریم ورک کا ایک اہم ستون بن چکا ہے۔ دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اس نوعیت کا باقاعدہ مکالمہ باہمی فہم اور تعاون کو فروغ دیتا ہے۔ اسی تناظر میں آئندہ مذاکراتی دور آئندہ سال اسلام آباد میں منعقد کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔