پنجاب بھر میں شدید بارشوں اور طغیانی کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے کے مختلف اضلاع میں ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی ہے۔ راولپنڈی سمیت کئی علاقے موسلادھار بارشوں اور سیلابی ریلوں کی زد میں ہیں، جس پر ‘رین ایمرجنسی’ کا اعلان کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ریسکیو 1122 سمیت تمام متعلقہ ادارے متحرک ہو چکے ہیں۔ کشتیوں کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی مدد کا سلسلہ جاری ہے، جب کہ پولیس کو گشت بڑھانے اور امدادی کارروائیوں میں انتظامیہ کا ساتھ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
غیر معمولی طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال پر پنجاب کے مختلف علاقوں میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ سرکاری ادارے جذبے اور انتہائی محنت سے کام کر رہے ہیں۔ انتظامیہ کو عوام کو بزریعہ سائرن اور اعلانات آگاہ رکھنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ عوام اداروں سے تعاون کریں، حفاظتی ہدایات…
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) July 17, 2025
مزید پڑھیں: تربیلا ڈیم کے اسپل ویز کھول دیے گئے، دریائے سندھ کے کنارے سیلاب کا الرٹ جاری
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ندی نالوں، تالابوں اور بارشی پانی سے دور رہیں اور نہانے سے گریز کریں۔ ٹریفک پولیس کو متبادل راستوں کے انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے خستہ عمارتوں اور نشیبی علاقوں میں حفاظتی اقدامات یقینی بنانے، اسپتالوں کو ہائی الرٹ پر رکھنے اور فیلڈ اسپتالوں کو فعال رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی اداروں سے تعاون کریں اور اعلانات و ہدایات پر عمل کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔