ہری پور: تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ، اسپل ویز چوتھی بار کھول دیے گئے

جمعرات 17 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حالیہ بارشوں اور شمالی علاقہ جات سے آنے والے سیلابی ریلوں کے باعث تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے، جس پر ضلعی اور مقامی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

ترجمان تربیلا ڈیم کے مطابق پانی کی موجودہ سطح 1530 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جو ڈیڈ لیول سے 128 فٹ بلند ہے۔ ڈیم میں پانی کی آمد 223,900 کیوسک اور اخراج 197,600 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں بارشوں نے تباہی مچادی، سائرن بج اٹھے، 36 افراد جاں بحق، فوج طلب

اسپل ویز چوتھی بار کھول دیے گئے

ڈیم حکام کے مطابق پانی کے دباؤ میں مسلسل اضافے کے پیش نظر آج رات 10 بجے تربیلا ڈیم کے اسپل ویز چوتھی بار کھول دیے گئے تاکہ ممکنہ خطرات کو کم کیا جا سکے۔

طغیانی کا خدشہ، انتظامیہ کا الرٹ جاری

دریائے سندھ اور اس سے منسلک ندی نالوں میں شدید طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کی ہدایت پر ضلعی اور مقامی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے، جب کہ عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

ڈی سی ہری پور کی عوام سے اپیل

عوام دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔

ماہی گیر اور مویشی پال حضرات محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

والدین بچوں کو ندی نالوں کے قریب جانے سے روکیں۔

یہ بھی پڑھیے ’پاکستان میں اگر جینا ہے تو سوئمنگ سیکھنی ہوگی‘، بارشوں سے تباہی کے بعد عوام پھٹ پڑے

سیاح اور مقامی افراد انتظامیہ کی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔

کسی بھی ناخوشگوار یا ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 یا ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں۔

مساجد میں اعلانات، ریسکیو ادارے ہائی الرٹ

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ابی گزرگاہوں کے نزدیک مساجد میں اعلانات کروائے جا رہے ہیں۔ ریسکیو 1122، سول ڈیفنس سمیت دیگر اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp