پنجابی گلوکار اور ریپر سدھو موسے والا، جو 2022 میں گولی مار کر قتل کر دیے گئے تھے، اگلے سال ایک عالمی دورے کے ذریعے واپس آ رہے ہیں۔
سدھو موسے والا کے انسٹاگرام ہینڈل پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس کے مطابق سدھو موسے والا 2026 میں ’سائنڈ ٹو گاڈ‘ ورلڈ ٹور کرنے جا رہے ہیں۔ پوسٹ کے کیپشن میں ’2026‘ لکھا گیا ہے۔
View this post on Instagram
ہندوستانی میڈیا کے مطابق دنیا بھر کے مداح ایک بار پھر ان کی توانائی، آواز اور موجودگی کو صرف ایک یاد کے طور پر نہیں بلکہ حقیقت کے طور پر محسوس کریں گے اور یہ پہلا ہولوگرام ٹور ایک تاریخی خراجِ عقیدت ہے جو ٹیکنالوجی اور جذبات کو یکجا کرتا ہے۔
میڈیا کے مطابق ہر شو میں تھری ڈی ہولوگرافک پروجیکشنز ہوں گے جو ان کی اصل آواز، سنیماٹوگرافک ویژولز اور اسٹیج ایفیکٹس کے ساتھ ہم آہنگ ہوں گے۔ یہ ایک ایسا کنسرٹ ہو گا جو ناقابلِ فراموش اور دل کو چھو لینے والا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: ’دل دا نئیں ماڑا تیرا سدھو موسے والا‘ بابر اعظم کے پنجابی ڈائیلاگز، ویڈیو وائرل
پنجاب سے لے کر ٹورنٹو اور لندن سے لاس اینجلس تک یہ ایک تاریخی سفر ہو گا جو ایک عظیم فنکار کو خراج عقیدت ہے۔ ایک ایسی روح کا جشن جو زندگی میں رکاوٹیں توڑتی رہی اور اب موت کے بعد بھی اپنی پہچان قائم رکھے ہوئے ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل مشہور امریکی گلوکار ٹوپاک شکور کی وفات کے بعد اسی نوعیت کے شوز کیے جا چکے ہیں۔
سدھو موسے والا، جن کا اصل نام شبھدیپ سنگھ سدھو تھا، کو 29 مئی 2022 کو پنجاب کے ضلع مانسا میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ ان کے اہلِ خانہ نے 11 جون 2025 کو، ان کی 32ویں سالگرہ کے موقع پر، ان کے 3 نئے گانے ریلیز کیے جن میں 0008، Neal اور Take Notes شامل ہیں جو ان کے نئے ای پی (Extended Play) البم ’موسے پرنٹ‘ کا تھے۔














