ملک بھر میں شدید بارشیں، نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری

جمعرات 17 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں ممکنہ شدید بارشوں، ندی نالوں میں طغیانی اور شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر وارننگ جاری کر دی ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ندی نالوں میں طغیانی کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔

پنجاب کے متعدد اضلاع، جن میں لاہور، چکوال، اٹک، جہلم، خوشاب، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، قصور، شیخوپورہ اور حافظ آباد شامل ہیں، آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران آندھی، طوفان اور شدید بارشوں کی زد میں آ سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ’پاکستان میں اگر جینا ہے تو سوئمنگ سیکھنی ہوگی‘، بارشوں سے تباہی کے بعد عوام پھٹ پڑے

راولپنڈی اور اسلام آباد میں اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث نالہ لئی میں طغیانی اور قریبی نشیبی علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے۔

ترجمان نے نالہ لئی کے اطراف اور دیگر نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو خبردار کیا ہے کہ وہ خطرے کا سائرن بجنے کی صورت میں فوری انخلا کی تیاری رکھیں اور مقامی انتظامیہ سے تعاون کریں۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ تیز پانی کے بہاؤ، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے ہر ممکن گریز کریں۔

متوقع خطرات کے پیش نظر مکینوں سے کہا گیا ہے کہ قیمتی اشیا اور مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے پیشگی انتظام کریں، جبکہ حساس علاقوں کے افراد 3 سے 5 دن کی خوراک، پینے کا پانی، ادویات اور دیگر ضروری اشیا پر مشتمل ایمرجنسی کٹ تیار رکھیں۔

مزید پڑھیں:اسلام آباد: شدید بارش کے باعث پروازوں کا شیڈول درہم برہم، شہری زندگی مفلوج

این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو بروقت نکاسی آب کے لیے تمام مشینری اور پمپس تیار رکھنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اور موثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ سیلابی علاقوں کے افراد ٹی وی، ریڈیو اور موبائل الرٹس کے ذریعے سرکاری اعلانات سے باخبر رہیں اور پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے بھی موسم اور خطرات کے بارے میں بروقت معلومات حاصل کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp