بھارت کی مشہور چائے ساز کمپنی ’تاج محل ٹی‘ نے ریاست آندھرا پردیش کے سال بھر بارشوں سے بھرپور شہر وجے واڑہ میں ایک ایسا دلکش اور ماحول دوست بل بورڈ ’میگھ سنتور‘ نصب کیا ہے، جسے عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ مسلسل بارش کے ماحول میں نصب اس منفرد بل بورڈ نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں جگہ حاصل کرکے کمپنی کو اعزازی سرٹیفکیٹ دلوایا ہے، جس میں اسے دنیا کا بہترین ماحول دوست بل بورڈ قرار دیا گیا ہے۔
یہ بل بورڈ صرف ایک اشتہار نہیں بلکہ ایک جمالیاتی اور حسی تجربہ ہے۔ اسے اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ دیکھنے والے خود کو ایک روایتی برسات کی شام میں محسوس کرتے ہیں، جہاں چائے کی بھاپ، بارش کی بوندیں اور کلاسیکی موسیقی ایک ساتھ فضاء کو معطر کر دیتے ہیں۔
بل بورڈ کے ساتھ لکڑی کے بڑے بڑے چمچے نصب کیے گئے ہیں، جو بارش کے دوران پانی جمع کرتے ہیں۔ جب ان چمچوں میں پانی کا وزن بڑھتا ہے تو وہ جھک کر نیچے لگے الیکٹرانک سرکٹ سے ٹکرا جاتے ہیں۔ یہ سرکٹ مخصوص ترتیب سے راگ میگھ ملہار کی دُھن بجانا شروع کر دیتا ہے، یوں بارش کی بوندوں کے ساتھ ساتھ فضا میں اس مدھر کلاسیکی راگ کے سُر بکھرنے لگتے ہیں، جو نہ صرف سماعت کو مسرور کرتے ہیں بلکہ موسم سے ہم آہنگ ایک انوکھا تجربہ بھی تخلیق کرتے ہیں۔
Brooke Bond ‘Taj Mahal Tea’ has created “Megh Santoor” at #Vijayawada Railway Station- a 150-ft musical billboard that plays Raag Megh Malhar when it rains!
This joyful blend of rain and melody has earned a Guinness World Record.
Wah Taj!
Watch video in thread. pic.twitter.com/kl7K5lcD51— Abhishek, the 4th Lion 🇮🇳 (@0Abh1sh3k) July 15, 2025
بل بورڈ میں نصب خصوصی اسپرے سسٹم دن کے مخصوص اوقات میں ہلکی بارش جیسا منظر پیدا کرتا ہے، جبکہ پس منظر میں مشہور طبلہ نواز استاد ذاکر حسین کی کمپوز کردہ کلاسیکی دُھن بجتی ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ بل بورڈ پر بجنے والی موسیقی راگ میگھ ملہار پر مبنی ہے جو برصغیر کی کلاسیکی روایت میں بارش سے منسوب مانا جاتا ہے، اور جسے صدیوں سے رم جھم برسات کے ساتھ روحانی طور پر جوڑا جاتا رہا ہے۔
کمپنی کے ترجمان کے مطابق اس مہم کا مقصد صرف چائے کی فروخت نہیں بلکہ چائے، موسم، موسیقی اور ماحول کے باہمی رشتے کو اجاگر کرنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے تھے کہ لوگ چائے کو صرف ایک مشروب کے طور پر نہ دیکھیں، بلکہ اسے ایک حسّی اور ثقافتی تجربے کے طور پر محسوس کریں، خاص طور پر برسات کے موسم میں۔
View this post on Instagram
یہ بل بورڈ نہ صرف سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے بلکہ عالمی ماحولیاتی حلقوں اور اشتہاری ماہرین کی بھی توجہ حاصل کر چکا ہے۔ اسے برینڈ اور فطرت کے امتزاج کی نادر مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے تخلیقی، ماحول دوست اور ثقافت سے جڑے اشتہاری طریقے نہ صرف برانڈ کی مقبولیت بڑھاتے ہیں بلکہ ناظرین کے ساتھ جذباتی وابستگی بھی پیدا کرتے ہیں، جو کسی بھی کامیاب مارکیٹنگ مہم کی معراج ہوتی ہے۔