بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے پاکستان کے خلاف آئندہ 3 میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے اسکواڈ میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ سیریز 20 جولائی سے ڈھاکہ میں شروع ہو رہی ہے۔
بورڈ نے حالیہ سری لنکا کے خلاف ہونے والی سیریز میں شریک اسکواڈ کو ہی برقرار رکھا ہے جہاں بنگلہ دیش نے کولمبو میں 2-1 سے کامیابی حاصل کی تھی اور 16 جولائی کو سیریز جیت کر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔
یہ بھی پڑھیے: پی سی بی نے بنگلہ دیش کیخلاف سیریز کے لیے ٹیم منیجمنٹ کا اعلان کردیا، کونسا اہم رکن شامل نہیں؟
بی سی بی کے چیئرمین آف کرکٹ آپریشنز نجم الحسن فہیم نے اس فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم میں تسلسل ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے بے حد ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کھلاڑی کو تبدیل کرنا ناگزیر ہو تو وہ ایک الگ بات ہے لیکن جب تک ورلڈ کپ قریب ہے ہم غیر ضروری تجربات سے گریز کرتے ہوئے ایک مستحکم اسکواڈ کے ساتھ جانا چاہتے ہیں تاکہ کھلاڑیوں کو اعتماد ملے اور ٹیم میں ہم آہنگی قائم رہے۔
یہ بھی پڑھیے: پاکستانی اسکواڈ کا پہلا دستہ بنگلہ دیش روانہ، 3 ٹی20 میچز کی سیریز 20 جولائی سے شروع ہوگی
بیان کے مطابق اس اسکواڈ میں کپتانی کے فرائض لٹن داس انجام دیں گے جبکہ دیگر اہم کھلاڑیوں میں تنزید حسن تمیم، پرویز حسین ایمون، محمد نعیم شیخ، توحید ہردوئے، جاکر علی انیک، شمیم حسین پٹواری، مہدی حسن مرزا، رشاد حسین، شاک مہدی حسن، ناسم احمد، تسکین احمد، مستفیض الرحمان، شرف الاسلام، تنزیم حسن ثاقب اور محمد سعید الدین شامل ہیں۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان آخری بار مئی 2025 میں سیریز کھیلی گئی تھی جس میں پاکستان نے ہوم گراؤنڈ پر 0-3 سے کامیابی حاصل کی تھی۔