نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے افغان دورے کے دوران افغانستان کے قائم مقام وزیر داخلہ سراج الدین حقانی سے ملاقات کی، جس میں سیکیورٹی امور، سرحدی نظم و نسق اور علاقائی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور افغان وزیرخارجہ امیرخان متقی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ ملاقات یو اے پی (UAP) ریل کوریڈور کے فریم ورک معاہدے کی تقریب کے موقع پر ہوئی، جہاں دونوں ممالک نے خطے کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے اور قریبی تعاون پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے بارڈر مینجمنٹ، معاشی تعاون اور علاقائی سطح پر روابط کو مؤثر بنانے پر زور دیا، تاکہ تینوں ممالک ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوسکیں۔
A meeting between the Deputy Prime Minister / Foreign Minister, Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 and Mr. Sirajuddin Haqqani, Acting Interior Minister of Afghanistan took place on the sidelines of the signing ceremony for the Framework Agreement on Joint Feasibility Study… pic.twitter.com/nqoSZzTj6S
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) July 17, 2025
نائب وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق، اور سیکریٹری ریلوے سید مظہر علی شاہ بھی موجود تھے۔
کابل پہنچنے کے بعد اسحاق ڈار کی افغان عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں دو طرفہ تجارت، ٹرانزٹ امور اور سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق رائے ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: ازبک-افغان-پاکستان ریلوے کوریڈور فریم ورک معاہدے پر دستخط ہوگئے، اسحاق ڈار کی قوم کو مبارکباد
بعدازاں پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے درمیان یو اے پی ریل منصوبے کے فزیبلٹی اسٹڈی معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ منصوبہ ازبکستان، افغانستان اور پاکستان کو ریلوے کے ذریعے جوڑنے کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا، جس سے وسطی ایشیائی ریاستوں کو پاکستانی بندرگاہوں تک براہ راست رسائی حاصل ہو سکے گی۔