پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کا ایک خصوصی دستہ برطانیہ کے رائل ایئر فورس بیس فیئرفورڈ (Fairford) پہنچ گیا ہے، جہاں وہ دنیا کے سب سے بڑے ملٹری ایئر شوز میں سے ایک، رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو (RIAT)-2025 میں شرکت کرے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے اس دستے میں جدید JF-17 تھنڈر بلاک-III لڑاکا طیارے اور C-130 ہرکولیس ٹرانسپورٹ طیارہ شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستانی ایئرفورس کی بھارتی فضائیہ پر برتری، چینی ایئرکرافٹ کمپنی کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی
بیان میں کہا گیا کہ اس بین الاقوامی ایئر شو میں شرکت پی اے ایف کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل صلاحیت اور ملکی ہوا بازی کی صنعت کی خود انحصاری کا مظہر ہے۔
اس بین الاقوامی تعیناتی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے، JF-17 تھنڈر بلاک-III طیاروں نے راستے میں کامیابی سے فضائی ایندھن بھروانے (air-to-air refueling) کی مشق مکمل کی، جس میں پی اے ایف کے IL-78 ٹینکر نے معاونت فراہم کی۔
یہ پیچیدہ مشق پی اے ایف کی طویل فاصلے کی آپریشنل صلاحیت اور فضائی و زمینی عملے کی اعلیٰ تربیت کا ثبوت ہے، جو سرحدوں سے باہر کارروائیاں انجام دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
JF-17 بلاک-III ایک جدید ترین 4.5 نسل کا ملٹی رول لڑاکا طیارہ ہے، جو EASA ریڈار اور طویل فاصلے کے BVR میزائل نظام سے لیس ہے۔ یہ طیارہ جدید جنگی چیلنجز کے مقابل مؤثر طریقے سے مختلف جنگی مشن انجام دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور قومی سلامتی کو مضبوط بناتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بیلا روس نے اپنی فضائیہ کو پاکستان ایئر فورس سے ٹریننگ دلانے کی خواہش ظاہر کردی
پاکستان اور بھارت کے حالیہ کشیدہ حالات کے تناظر میں برطانیہ میں ہوابازی کے شوقین افراد اور دفاعی تجزیہ نگار JF-17 تھنڈر بلاک-III کی آمد کے شدت سے منتظر تھے، جس کی کامیاب جنگی کارکردگی اور عملی مہارت نے عالمی سطح پر خاصی توجہ حاصل کی ہے۔
RIAT کی سالانہ روایت کے مطابق، C-130 ہرکولیس طیارے کو “Eyes in the Skies” کے تھیم پر مبنی خصوصی آرٹ ورک سے مزین کیا گیا ہے، جو جدید فضائی افواج کی چوکسی، صورتحال کی آگاہی اور ٹیکنالوجی میں سبقت کی علامت ہے۔
یہ فنکارانہ ڈیزائن پاک فضائیہ کی تخلیقی صلاحیتوں اور آپریشنل ورثے کی نمائندگی کرتا ہے، اور توقع ہے کہ ایئر شو میں توجہ کا مرکز ہوگا۔
RIAT 2025 میں پاک فضائیہ کی شرکت کا مقصد عالمی امن و سلامتی کے لیے اپنے کردار کو اجاگر کرنا، دوسرے ممالک کی فضائی افواج سے تجربات کا تبادلہ کرنا اور پی اے ایف کو ایک جدید اور باصلاحیت فضائی قوت کے طور پر پیش کرنا ہے۔