سیلابی پانی میں ریسکیو کے دوران بہہ جانے والے پولیس اہلکار حیدر کی لاش 2 روزہ امدادی کارروائی کے دوران برآمد کر لی گئی ہے۔ حکام کے مطابق اہلکار حیدر جہلم میں اچانک آنے والے سیلابی ریلے میں اس وقت بہہ گیا جب وہ شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے میں مصروف تھا۔
پولیس نے تصدیق کی ہے کہ حیدر ریسکیو ٹیم کا حصہ تھا اور نالہ گاہن و نالہ بنہان میں پھنسے افراد کو نکالنے کے دوران پانی کے تیز بہاؤ میں آ گیا۔ ریسکیو انچارج کے مطابق اب تک مزید 30 افراد کو بحفاظت نکالا گیا ہے، جس کے بعد اب تک محفوظ مقام پر منتقل کیے گئے افراد کی مجموعی تعداد 498 ہو گئی ہے۔
مزید پڑھیں: پاک فوج ریسکیو آپریشن میں مصروف، ڈھوک بڈیر جہلم میں طغیانی سے درجنوں افراد پھنس گئے
حکام کا کہنا ہے کہ نالہ گاہن اور نالہ بنہان میں پانی کا بہاؤ کم ہو چکا ہے، تاہم متعدد علاقے تاحال زیرِ آب ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں خورد، داراپور، جمرغال، راجروڑ، بھمبر، رسول پور، چکری اور وگ شامل ہیں، جہاں متعدد مکین اب بھی محصور ہیں۔
ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر منتقل ہونے میں فوری تعاون کریں۔














