تحریک انصاف کے سابق رہنما شیر افضل مروت نے پارٹی قیادت بالخصوص علیمہ خان پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ علیمہ خان نے نہ صرف پارٹی کارکنوں کو دباؤ میں رکھا بلکہ تحریک انصاف کی قیادت کو بھی بدنام کرنے میں کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں:’مجھے پتا ہے کہ قاسم اور سلیمان نہیں آئیں گے‘، شیر افضل مروت کا انکشاف
میڈیا رپورٹس کے مطابق شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ علیمہ خان لیڈرز اور کارکنان کو دباؤ میں لا کر اپنی مرضی چلوانے کی کوشش کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر علیمہ خان میں واقعی تحریک چلانے کی سنجیدگی ہے تو وہ خود میدان میں آئیں اور اپنے بچوں کے ساتھ مل کر پارٹی بانی کی رہائی کے لیے قیادت سنبھالیں۔
مروت نے الزام لگایا کہ علیمہ خان نے پشتونوں کے بچوں کو تحریک میں شامل ہونے کی ترغیب دی، لیکن اپنے بچوں کو برطانیہ بھیج دیا۔ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ اپنے بچے باہر ہوں اور دوسروں کے بچے سڑکوں پر ہوں؟‘
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کا وجود خطرے میں نظر آ رہا ہے، شیر افضل مروت
ان کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی بانی سے ان کی دوری کے پیچھے بھی علیمہ خان، سلمان اکرم راجہ اور شبلی فراز کا ہاتھ ہے۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ سلمان اکرم راجہ خود کو جماعت کا ’کلاس مانیٹر‘ سمجھتے ہیں، جبکہ ان کی روش پارٹی کو نقصان پہنچا رہی ہے۔