وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں کمرشل پلاٹس کی 3 روزہ نیلامی کے دوران مجموعی طور پر 19 ارب 56 کروڑ روپے کا ریکارڈ ریونیو حاصل کرلیا۔ نیلامی میں 8 کمرشل پلاٹس اور بلیو ایریا کے پارکنگ پلازہ کی 4 دکانیں فروخت کی گئیں۔
نیلامی کا سب سے مہنگا سودا نیو بلیو ایریا (سیکٹر جی-8) میں پلاٹ نمبر 13 کا رہا، جو 7 ارب 24 کروڑ روپے میں فروخت ہوا۔ اسی زون میں پلاٹ نمبر 14 کو 4 ارب 16 کروڑ اور پلاٹ نمبر 12 کو 3 ارب 60 کروڑ روپے میں خریدا گیا۔ سیکٹر آئی-14 مرکز میں پٹرول پمپ کیٹگری کا پلاٹ نمبر 20 ایک ارب 64 کروڑ روپے میں فروخت ہوا۔
اس کے علاوہ سیکٹر ایف-11/1 میں پلاٹ نمبر 1-E کو 25 کروڑ، آئی-14 میں پلاٹ نمبر 3-A کو 74 کروڑ، 3-B کو 70 کروڑ اور پلاٹ 10-A کو 66 کروڑ روپے میں نیلام کیا گیا۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ، کرکٹ اور فٹبال کے 20 میدانوں کی نیلامی روک دی
بلیو ایریا پارکنگ پلازہ کی 4 دکانیں بھی نیلام ہوئیں: دکان نمبر 12-A کو 14 کروڑ 67 لاکھ، 8-A کو 14 کروڑ 57 لاکھ، 10-A کو 14 کروڑ 32 لاکھ اور دکان نمبر 8-C کو 9 کروڑ 43 لاکھ روپے میں فروخت کیا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے نیلامی کے عمل کی براہ راست نگرانی کی۔ سی ڈی اے نے نیلامی میں حصہ لینے والے سرمایہ کاروں کو یکمشت ادائیگی کی صورت میں 5 فیصد رعایت جبکہ امریکی ڈالر میں ادائیگی کرنے والوں کو اضافی 5 فیصد رعایت دینے کا اعلان بھی کیا۔
سی ڈی اے حکام کے مطابق نیلامی کا عمل مکمل شفافیت کے ساتھ مکمل کیا گیا، جس سے نہ صرف ادارے کو بھاری آمدنی حاصل ہوئی بلکہ سرمایہ کاری کا رجحان بھی مزید مستحکم ہوا ہے۔