اسلام آباد: دھواں دیتی گاڑیوں کے مالکان کے لیے انتظامیہ کی خاص ہدایت

جمعہ 18 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے گاڑیوں کے اخراج کے معائنے کا دائرہ کار سرکاری کے بعد اب نجی گاڑیوں تک بڑھا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گاڑیاں چوری کرنے کا الزام کیوں لگایا؟ شہری احتجاجاً موبائل فون ٹاور پر چڑھ گیا

اس مہم کا مقصد یہ ہے کہ دارالحکومت میں ایسی گاڑیوں کی نشاندہی اور روک تھام کی جائے جو ماحولیاتی معیار پر پورا نہیں اترتیں اور فضائی آلودگی کا باعث بنتی ہیں۔

اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے چیئرمین عرفان نواز میمن اور چیف ٹریفک آفیسر نے ایمیشن ٹیسٹنگ پوائنٹس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے معائنے کے طریقہ کار اور نتائج کا جائزہ لیا۔

اس موقعے پر عرفان نواز میمن نے کہا کہ سرکاری گاڑیوں کی جانچ پہلے ہی جاری ہے لیکن اب اس کا دائرہ کار پرائیوٹ گاڑیوں تک بھی بڑھایا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں مختلف مقامات پر ایمیشن ٹیسٹنگ پوائنٹس قائم کیے جائیں گے تاکہ عوام کو آسان رسائی حاصل ہو اور وہ اپنی گاڑیاں باقاعدگی سے چیک کرا سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف شہریوں کی صحت پر مثبت اثر پڑے گا بلکہ اسلام آباد کو ایک صاف اور ماحول دوست شہر بنانے میں مدد ملے گی۔

مزید پڑھیے: اسلام آباد: سیف سٹی پروجیکٹ کی بدولت، 2025 میں جرائم کی روک تھام میں نمایاں کامیابیاں

ضلعی انتظامیہ کے مطابق گاڑیوں کے معائنے کی یہ مہم اب مکمل طور پر فعال ہے اور جو گاڑیاں ماحولیاتی معیار پر پوری نہیں اتریں گی ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

انتظامیہ نے کہا کہ شہری خود آگے بڑھ کر اپنی گاڑیوں کا معائنہ کرائیں تاکہ فضائی آلودگی میں کمی لائی جا سکے۔ انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ ایمیشن ٹیسٹ کے بغیر سڑک پر آنے والی گاڑیوں کے خلاف جرمانے اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp