پاکستان تحریک انصاف کے قائدین اور سینیٹ کے لیے ناراض امیدواروں کے درمیان پشاور میں ہونے والے مذاکرات کے 2 ادوار ناکام ہوگئے ہیں۔
مذاکرات ناکام ہونے پر سینیٹ امیدواروں سے متعلق فیصلہ سیاسی کمیٹی کے حوالے کردیا گیا، سینیٹ امیدواروں کی دستبرداری کا فیصلہ سیاسی کمیٹی کرے گی۔
سینیٹ الیکشن میں امیدواروں کے کاغذات کی واپسی کے معاملے پر وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور اپنی بات پر ڈٹ گئے اور معاملے کا فیصلہ پارلیمانی کمیٹی نے کردیا تاہم سیاسی کمیٹی اپنے موقف پر قائم ہے۔
یہ بھی پڑھیے: پی ٹی آئی اور دیگر جماعتوں نے خیبر پختونخوا سینیٹ انتخابات بلا مقابلہ کرانے پر اتفاق کیوں کیا؟
سیاسی کمیٹی کے 13 میں سے 11 عہدیداروں نے 5 ناراض امیدواروں کا ساتھ دینے کا فیصلہ کردیا ہے اور کہا ہے کہ کاغذات نامزدگی واپس نہیں لیے جائیں گے۔
سیاسی کمیٹی نے وزیراعلیٰ کے سامنے موقف اپنایا کہ جے یو آئی اور پی پی پی ایک ایک سیٹ سے دستبردار ہوجائیں۔
ویر اعلیٰ کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں عرفان سلیم، عائشہ بانو، ارشاد حسین، وقاص اورکزئی اور خرم ذیشان شامل تھے جبکہ عہدیداروں میں شوکت بسرا، سلمان اکرم راجہ، بیرسٹر گوہر، تیمور جھگڑا اور ارباب شیر علی موجود تھے۔