دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کو سر کرنے کی کوشش کے دوران ایک پاکستانی کوہ پیما برفانی تودے کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گیا، جب کہ دیگر تین غیر ملکی کوہ پیما خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔
یہ بھی پڑھیں:کے ٹو بیس کیمپ کا تاریخی ٹینٹ میوزیم کا حصہ بن گیا
ڈپٹی کمشنر شگر عارف حسین کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب چار کوہ پیما کے ٹو پر چڑھائی کے دوران برفانی تودے کی لپیٹ میں آ گئے۔ امدادی کارروائی میں غیر ملکی کوہ پیماؤں کو بحفاظت نکال لیا گیا، تاہم پاکستانی کوہ پیما محمد افتخار حسین جانبر نہ ہو سکے۔
تینوں غیر ملکی کوہ پیما معمولی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
جاں بحق کوہ پیما کی شناخت محمد افتخار حسین کے نام سے ہوئی ہے، جن کا تعلق اسکردو کے نواحی علاقے سدپارہ گاؤں سے تھا۔ ان کی میت اسکردو منتقل کی جا رہی ہے، جہاں آج ہی انہیں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں نانگا پربت پر بھی متعدد کوہ پیماؤں کو جان لیوا حادثات پیش آئے ہیں، جن میں غیر ملکی کوہ پیما ہلاک اور بعض لاپتا ہو چکے ہیں۔