گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ ملک کا روشن مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے، اور تعلیم ہی انسان کو شعور، آگاہی اور آگے بڑھنے کی صلاحیت فراہم کرتی ہے۔
کراچی میں طلبا سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ نوجوانوں کو ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ محنت، استقامت اور مثبت سوچ کامیابی کی کنجی ہیں، جبکہ حسد اور منفی ذہنیت انسان کو آگے بڑھنے سے روک دیتی ہے۔
کامران ٹیسوری نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کبھی مایوس نہ ہوں اور ہر حال میں اپنے مقصد پر یقین رکھیں۔
مزید پڑھیں : بھارتی رافیل کے ماڈل کو آگ لگا کر چائے کی چسکی، کامران ٹیسوری کی ویڈیو وائرل
ملک کی مجموعی صورتحال پر بات کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اس وقت مختلف چیلنجز اور مراحل سے گزر رہا ہے، جن سے نکلنے کے لیے اتحاد اور استحکام کی ضرورت ہے۔ بلوچستان کے حالیہ واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بسوں سے اتار کر شہریوں کو شہید کرنا ایک افسوسناک اور قابلِ مذمت سانحہ ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ایسے واقعات قومی یکجہتی کو چیلنج کرتے ہیں، اور پوری قوم کو مل کر دہشتگردی کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔