پاک فضائیہ نے رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو شو 2025 میں شاندار کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر دیا۔ “معرکۂ حق” میں بھارتی فضائیہ کو مؤثر جواب دینے والے جدید JF-17C بلاک III طیارے کو اس بار برطانیہ کے معروف ایئر شو میں “اسپرٹ آف دی میٹ” ٹرافی سے نوازا گیا، جو طیاروں کی شاندار پرواز، پیشہ ورانہ مہارت اور تکنیکی برتری کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔
اسی ایئر شو میں پاک فضائیہ کے معروف ٹرانسپورٹ طیارے C-130 نے بھی سب کو حیران کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی اور اسے “Concours d’Elegance Trophy” سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز طیارے کی ظاہری حالت، ڈسپلے اور مجموعی پیشکش کے حوالے سے دیا جاتا ہے۔
خصوصی توجہ کا مرکز بننے والا JF-17C بلاک III طیارہ پاکستان سے برطانیہ تک مسلسل، نان اسٹاپ پرواز کے دوران ایئر ٹو ایئر ریفیولنگ کے ذریعے پہنچا، جو جدید فضائی صلاحیتوں کا مظہر ہے۔ یہ طیارہ پاکستان کی مقامی سطح پر تیار کردہ جدید دفاعی ٹیکنالوجی کی بہترین نمائندگی کرتا ہے۔
مزید پڑھیں: منفرد مارکنگز والے پاک فضائیہ کے طیارے رائل انٹرنیشنل ایئر شو میں دھاک بٹھانے پہنچ گئے
رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو دنیا کے معتبر ترین فضائی شوز میں شمار ہوتا ہے، اور اس میں پاک فضائیہ کی یہ شاندار کامیابی نہ صرف ادارے کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے ایوی ایشن شعبے کے لیے باعثِ فخر بھی ہے۔