نئی دہلی کے علاقے اُتم نگر میں ایک 36 سالہ شخص کی موت جسے ابتدائی طور پر ایک حادثاتی بجلی کا جھٹکا قرار دیا گیا تھا، انسٹاگرام چیٹ کی مدد سے قتل کا مقدمہ بن گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور میں معروف ٹک ٹاکر کو شوہر نے قتل کردیا، وجہ کیا بنی؟
پولیس نے مقتول کی بیوی سشمتا اور اس کے عاشق راہول (جو مقتول کا چچا زاد بھائی بھی ہے) کو قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرن دیو نامی شخص کو 13 جولائی کی صبح دہلی کے مغربی علاقے جانک پوری کے ایک اسپتال میں مردہ قرار دیا گیا۔
سشمتا نے دعویٰ کیا کہ اس کے شوہر کو گھر میں بجلی کا جھٹکا لگا۔ کرن کی موت کے بعد اہل خانہ نے پوسٹ مارٹم کروانے سے انکار کر دیا، تاہم مقتول کی کم عمری اور مشتبہ حالات کے پیشِ نظر پولیس نے قانونی کارروائی کے تحت لاش کو دین دیال اپادھیائے اسپتال، ہری نگر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔
انسٹاگرام چیٹ سے راز فاش
کئی دن بعد مقتول کے چھوٹے بھائی کنال دیو نے انسٹاگرام پر سشمتا اور راہول کے درمیان ہونے والی ایک خفیہ گفتگو دریافت کی۔ اس گفتگو میں دونوں نے قتل کی منصوبہ بندی کا اعتراف کیا تھا۔ کنال نے اس چیٹ کی ویڈیو بنائی اور 16 جولائی کو پولیس کو ثبوت کے طور پر پیش کی۔
چیٹ سے معلوم ہوا کہ: سشمتا نے 12 جولائی کی رات کرن کے کھانے میں 15 نیند کی گولیاں ملا دیں۔ جب گولیاں فوراً اثر نہیں کر سکیں تو وہ راہول سے پریشان ہو کر مشورہ مانگتی ہے۔
سشمتا نے لکھا ’دیکھو ذرا، دوا کھانے کے بعد مرنے میں کتنا وقت لگتا ہے؟ 3 گھنٹے ہو گئے، کوئی قے، پاخانہ کچھ نہیں، اور موت بھی نہیں ہوئی، اب کیا کریں؟ کوئی مشورہ دو‘۔
راہول نے جواب دیا ’اگر کچھ سمجھ نہ آئے تو کرنٹ دے دو‘۔
پولیس کے مطابق، ملزمان نے یہ سازش کی تھی کہ شوہر کو پہلے نیند کی گولیاں دے کر بے ہوش کیا جائے اور پھر اسے بجلی کا جھٹکا دے کر قتل کر دیا جائے تاکہ یہ واقعہ ایک عام حادثہ لگے۔ جب گولیاں مکمل طور پر اثر نہ کر سکیں تو سشمتا اور راہول نے انگلی پر کرنٹ لگا کر اسے مارنے کی کوشش کی۔
پوسٹ مارٹم اور انکشاف
واقعے کے بعد سشمتا نے اپنے سسرال جا کر بتایا کہ کرن کو کرنٹ لگا ہے۔ اہلِ خانہ فوراً اسپتال لے گئے، جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا۔ ابتدا میں مقتول کے والد اور راہول (ملزم) نے پوسٹ مارٹم کی سخت مخالفت کی، لیکن پولیس نے ضابطے کے تحت پوسٹ مارٹم کروایا۔
ملزمان کا اعتراف
16 جولائی کو کنال نے چیٹ پولیس کو دی، جس کے بعد ایف آئی آر درج کی گئی۔ تفتیش کے دوران دونوں ملزمان نے اعترافِ جرم کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور: شقی القلب شوہر کے ہاتھوں امریکی نژاد بیوی قتل، ملزم گرفتار
بھارتی میڈیا کے مطابق، سشمتا نے اعتراف کیا ہے کہ کرن نے کروا چوتھ سے ایک دن پہلے اسے تھپڑ مارا اور اکثر اس سے پیسے مانگتا تھا، جس پر اس نے یہ قدم اٹھایا۔