کینیڈا کی ریاست برٹش کولمبیا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کا فون ان دنوں گمشدہ بلی کی جھوٹی اطلاع دینے والی کالز سے بھر گیا ہے، حالانکہ ان کی بلی بالکل محفوظ ہے۔ اس عجیب و غریب صورتحال کی وجہ ایک شرٹ نکلی جس پر خاتون کا فون نمبر چھاپ دیا گیا تھا۔
نتاشا لاووا اور ان کے ساتھی جوناتھن مک کرچ نے بتایا کہ انہیں روزانہ درجنوں کالز موصول ہو رہی ہیں جن میں لوگ دعویٰ کرتے ہیں کہ انہوں نے ان کی بلی ’ٹوربو‘ کو تلاش کرلیا ہے، حالانکہ ان کی بلی کا نام ’ماوسر‘ ہے اور وہ بالکل ٹھیک گھر میں موجود ہے۔
نتاشا نے میڈیا کو بتایا کہ بعض اوقات دن میں 6 بار تک یہ عجیب و غریب کالز آتی ہیں، لوگ وائس میل چھوڑتے ہیں کہ انہوں نے میری بلی ڈھونڈ لی ہے اور وہ انعام چاہتے ہیں۔ میں جواب دیتی ہوں کہ میری بلی تو گھر پر اے سی میں آرام سے بیٹھی ہے۔
تحقیق سے معلوم ہوا کہ ایک امریکی کمپنی کی جانب سے فروخت کی جانے والی ایک شرٹ پر ایک جعلی ’گمشدہ بلی‘ کا پوسٹر چھاپا گیا ہے، اور اس پر نتاشا کا اصل فون نمبر بھی درج ہے۔ یہی نمبر دیکھ کر لوگ بلی ملنے کی اطلاع دے رہے ہیں۔
کمپنی کے نمائندے نے میڈیا کو بتایا کہ شرٹ کو آن لائن اسٹور سے ہٹا دیا گیا ہے اور فن پارے میں کسی حقیقی نمبر کے استعمال کا ارادہ نہیں تھا۔
نتاشا نے واضح کیاکہ وہ اپنا فون نمبر تبدیل نہیں کرنا چاہتیں کیونکہ ان کے پاس 604 کا ایریا کوڈ ہے، جو اب حاصل کرنا بہت مشکل ہو چکا ہے۔