شاہد آفریدی کا خوف، پاک بھارت لیجنڈز کرکٹ میچ منسوخ، شائقین میں شدید مایوسی

اتوار 20 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز میں آج ہونے والا پاک بھارت کرکٹ میچ بھارتی کھلاڑیوں کی ہٹ دھرمی، غیر پیشہ ورانہ رویے اور شاہد آفریدی کے خلاف تعصب کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔ بھارتی لیجنڈز نے محض اس بنیاد پر میچ کھیلنے سے انکار کیا کہ پاکستان کی جانب سے سابق کپتان شاہد آفریدی میدان میں اتریں گے۔

ذرائع کے مطابق بھارت کے پانچ کھلاڑی، یوسف پٹھان، عرفان پٹھان، ہربھجن سنگھ، سریش رائنا اور یوراج سنگھ نے ٹیم انتظامیہ کو صاف الفاظ میں کہا کہ اگر شاہد آفریدی میچ میں شریک ہوئے تو وہ میدان میں نہیں اتریں گے۔ انکار کی یہ وجہ محض کھیل سے نہیں بلکہ آفریدی کی دبنگ شخصیت اور پاکستان سے ان کی وابستگی کو لے کر ہے، جو آج بھی بھارتی اعصاب پر سوار دکھائی دیتی ہے۔

کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی بوم بوم آفریدی بھارتیوں کے دل و دماغ پر چھائے ہوئے ہیں۔ ان کا میدان میں آنا ہی بھارتی کھلاڑیوں کے لیے نفسیاتی دباؤ کا باعث بن گیا، جس کے باعث ایک اہم مقابلہ کھیلے بغیر ہی ختم کر دیا گیا۔

مزید پڑھیں: ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز 2025: پاکستان چیمپیئنز نے انگلینڈ کو 5 رنز سے ہرادیا

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے منتظمین نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر باقاعدہ اعلان میں میچ کی منسوخی کی تصدیق کرتے ہوئے شائقین سے معذرت کی کہ ان کے جذبات کو ٹھیس پہنچی۔ تاہم سوشل میڈیا پر کرکٹ مداحوں، خاص طور پر پاکستانی صارفین نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے اور بھارتی کھلاڑیوں کے رویے کو کھیل کی روح کے منافی قرار دیا ہے۔

قبل ازیں، پاکستان چیمپئنز نے ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ چیمپئنز کو 5 رنز سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا تھا، جبکہ دوسرا میچ جنوبی افریقا چیمپیئنز نے ویسٹ انڈیز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد بال آؤٹ پر ہرایا۔

ادھر بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے قوم پرستی کا بہانہ بنا کر کھیل سے فرار کی کوشش کی جا رہی ہے۔ شیکھر دھون نے تو سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں یہاں تک کہہ دیا کہ میرے لیے ملک سب کچھ ہے، اور ملک سے بڑھ کر کچھ نہیں۔ حالانکہ یہ لیجنڈز ٹورنامنٹ ہے، جس کا مقصد ماضی کے کرکٹرز کو خالصتاً کھیل کے جذبے سے اکٹھا کرنا ہے۔

مزید پڑھیں: آل راؤنڈر عماد وسیم ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز کے لیے اسکواڈ میں شامل

دلچسپ امر یہ ہے کہ ٹورنامنٹ کے ایک بھارتی اسپانسر نے بھی پاکستان مخالف رویہ اپناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان سے متعلق کسی میچ کا حصہ نہیں بنے گا، حالانکہ کمپنی نے 2 سال قبل ڈبلیو سی ایل سے 5 سالہ اسپانسرشپ معاہدہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ WCL 2025 انگلینڈ کے مختلف شہروں برمنگھم، نارتھمپٹن، لیسٹر، اور لیڈز میں جاری ہے اور اسے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی معاونت حاصل ہے۔ پاک بھارت میچ کی منسوخی کو کھیل سے زیادہ تعصب اور تنگ نظری کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp