پاکستان چیمپیئنز نے آل راؤنڈر عماد وسیم کو ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز کے دوسرے ایڈیشن کے لیے اپنی اسکواڈ میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ رواں ماہ کے آخر میں برطانیہ کے شہر برمنگھم میں منعقد ہوگا۔
فرنچائز کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کردہ بیان میں کہا گیا، ‘ہم عماد وسیم کا پاکستان چیمپیئنز میں خیرمقدم کرتے ہیں، ایک آل راؤنڈر جو جذبہ، تجربہ اور کارکردگی کا مجموعہ ہے۔’
یہ بھی پڑھیے: سکندر رضا کو پیسوں کے لیے کھیلنے کا طعنہ دینے پر عماد وسیم تنقید کی زد میں
36 سالہ عماد وسیم 36 سالہ اب تک394 ٹی 20 میچز کھیل چکے ہیں اور اس دوران 75 مرتبہ قومی ٹیم کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔ انہوں نے ٹی 20 کیریئر میں 4148 رنز بنائے جن میں 12 نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ 365 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
یاد رہے کہ رواں ہفتے ہی پاکستان چیمپئنز نے سابق آل راؤنڈر محمد حفیظ کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے۔
ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز میں 6 ممالک، پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے ریٹائرڈ اسٹارز شریک ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیے: ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز کا ٹائٹل بھارت نے پاکستان کو ہرا کر اپنے نام کرلیا
پاکستان نے گزشتہ سال اس ٹورنامنٹ کے پہلے ایڈیشن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور رنرز اپ رہا تھا۔ فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 157 رنز کا ہدف دیا، جو بھارت نے 19.1 اوورز میں 5 وکٹوں سے کامیابی کے ساتھ حاصل کر لیا۔