پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مخصوص نشستوں پر حلف اٹھانے کو پارلیمانی سیاست کی ساکھ پر کاری ضرب قرار دیا ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کا سہارا لے کر پارلیمانی سیاست کے سینے میں چھرا گھونپا گیا ہے۔ ان کے بقول، عوام نے جن جماعتوں کو پی ٹی آئی کے مقابلے میں مسترد کیا، انہی جماعتوں میں پی ٹی آئی کی مخصوص نشستیں بانٹ دی گئیں، جو عوامی رائے کی توہین ہے۔
مزید پڑھیں: پشاور ہائیکورٹ کا گورنر خیبرپختونخوا کو مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین سے حلف لینے کا حکم
بیرسٹر سیف نے الزام لگایا کہ مخصوص نشستوں پر قبضہ جمانا بے ضمیر سیاستدانوں کی کارستانی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اپوزیشن میں اخلاقی جرات ہوتی تو وہ ان نشستوں سے انکار کر دیتی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے پی ٹی آئی کو منتخب جبکہ دیگر جماعتوں کو مسترد کیا ہے۔ ان کے مطابق، اپوزیشن جیت کر بھی غیر مطمئن ہے، جبکہ پی ٹی آئی عوامی حمایت کے باعث ہار کر بھی مطمئن ہے۔