پی ٹی آئی کے امیدوار دستبردار نہ ہوئے تو کوشش ہوگی کہ 6 سے 7 سینیٹرز بنائیں، گورنر خیبر پختونخوا

اتوار 20 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اگر معاہدے پر عمل در آمد نہیں ہوتا تو 6 سے 7 سینیٹرز بنانے کی کوشش کریں گے۔

پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنا اختیار اپوزیشن لیڈر کو دیا تھا، اپوزیشن کا فیصلہ ہوا تو ہمارے امیدوار دستبردار ہوگئے، مشترکہ فیصلہ ہوا کہ 5 سیٹوں پہ الیکشن لڑیں گے؛ جے یو آئی 2 اور 2 پہ پی پی پی جبکہ ن لیگ ایک سیٹ پر الیکشن لڑے گی۔

یہ بھی پڑھیے: خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا

انہوں نے شکایت کی کہ اس کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے مختلف لوگوں نے بیانات دیے، انہوں نے کہا کہ ہمارے امیدوار ہمارے کنٹرول میں نہیں ہیں، انہوں نے وعدہ کیا لیکن ان کے ممبران اس پر پورے نہیں اترے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر ہمیں بریفنگ دیں گے اس کے بعد ہم اپنا لائحہ عمل طے کریں گے، اگر پی ٹی آئی کے ناراض امیدوار دستبردار نہیں ہوئے تو کوشش کریں گے کہ 6 سے 7 سینیٹرز بنائیں کیوں کہ اسمبلی میں 30 سے زائد آزاد ممبران ہیں جن سے اپوزیشن اس حوالے بات کرسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: سینیٹ الیکشن میں ناراض امیدواروں کے خلاف کارروائی کی جائےگی، علی امین گنڈاپور کا اعلان

فیصل کریم کنڈی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اے ٹی ایم کے پیچھے لاہور گئی اور نظریے کو دفن کرتے ہوئے بارات کی صورت میں اے ٹی ایم کو پشاور لے آئی۔

وزیر اعلیٰ کی جانب سے آج مخصوص نشستوں پر حلف برداری پر کی جانے والی تنقید پر تبصرہ کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ یہ آئینی ذمہ داری تھی جس کی میں نے پاسداری کرتے ہوئے ممبران سے حلف لیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp