طلال چوہدری نے ٹی ٹی پی کا واٹس ایپ چینل بے نقاب کردیا، عالمی برادری سے کارروائی کا مطالبہ

اتوار 20 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی دہشتگردی اور پیغام رسانی کے لیے استعمال ہونے والے واٹس ایپ چینل کو بے نقاب کردیا ہے اور عالمی برادری سمیت واٹس ایپ انتظامیہ سے اس کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں طلال چوہدری نے انکشاف کیاکہ امریکا اور اقوام متحدہ کی جانب سے دہشتگرد قرار دی گئی تنظیم ٹی ٹی پی واٹس ایپ پر اپنا چینل چلا رہی ہے۔ اس کے ذریعے وہ بڑے پیمانے پر انتہا پسندانہ اور نفرت انگیز پیغامات بھیج رہی ہے تاکہ اپنے شدت پسند بیانیے کو فروغ دے اور دہشتگردی کی کارروائیوں کا جواز پیش کر سکے۔

وزیرمملکت نے واضح کیاکہ پاکستان نے دہشتگرد گروپوں کے حوالے سے ’زیرو ٹالرنس‘ کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے اور عالمی امن کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر کے خلاف مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔

انہوں نے عالمی برادری اور واٹس ایپ انتظامیہ سے مطالبہ کیاکہ وہ ایسے عناصر کے خلاف مؤثر اقدامات اٹھائیں۔

طلال چوہدری نے زور دیا کہ اس نوعیت کے اکاؤنٹس کو بند کرنے، ان کی خودکار نشاندہی کے لیے الگورتھمز بنانے اور نمبروں کو معطل کرنے کا جامع نظام قائم کیا جانا چاہیے۔

وزیر مملکت نے اپنے بیان کے ساتھ دہشتگردوں کے واٹس ایپ اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی فراہم کی ہیں تاکہ متعلقہ ادارے فوری اقدامات کر سکیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp