صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں کی حمایت میں کمی واقع ہوئی ہے، ایک حالیہ امریکی سروے کے مطابق ریپبلکنز اور ڈیموکریٹس کے درمیان ملک بدریوں اور حراستی مراکز کے استعمال کے حوالے سے واضح اختلافات پائے گئے ہیں۔
مذکورہ سروے کے نتائج 20 جولائی کو سی بی ایس/یوگوو کی جانب سے جاری کیے گئے، جس کے مطابق امیگریشن وہ سب سے اہم مسئلہ تھا جس نے عوام کی صدر کے بارے میں رائے کو متاثر کیا، 61 فیصد افراد نے کہا کہ امیگریشن اور ملک بدری کی پالیسیاں ان کے لیے بہت زیادہ اہم ہیں، اس کے بعد مہنگائی اور معیشت کو ترجیح دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ انتظامیہ کا امیگریشن چھاپوں کے بعد لاس اینجلس میں نیشنل گارڈز تعینات کرنے کا اعلان
سروے کے مطابق مجموعی طور پر صدر ٹرمپ کی حمایت کی شرح 42 فیصد جبکہ عدم حمایت 58 فیصد رہی، اس سے قبل جون میں اس ضمن میں صدر ٹرمپ کی عوامی منظوری کی شرح 45 فیصد اور اپریل کے وسط میں47 فیصد تھی۔
اس کے برعکس، نیویارک ٹائمز اور ریئل کلئیئر پالیٹکس کے اعداد و شمار کے مطابق صدر ٹرمپ کی حمایت کی اوسط شرح بالترتیب 44 فیصد اور 45.5 فیصد ہے، جبکہ عدم حمایت کی شرح 53 فیصد اور 52 فیصد ہے۔
مزید پڑھیں:امریکی وفاقی عدالت نے ٹرمپ کی مہاجرین کو پناہ دینے سے انکار کی کوشش کو غیرقانونی قرار دے دیا
تازہ سروے کے مطابق،56 فیصد افراد نے صدر کی امیگریشن پالیسیوں کو ناپسند کیا جبکہ 44 فیصد نے اس کی حمایت کی، فروری 2025 کے مقابلے میں یہ حمایت 10 پوائنٹس کم ہوئی ہے۔
سروے میں حکومت کی اجتماعی ملک بدری کی کوششوں کے بارے میں خاص طور پر سوالات کیے گئے، ان اقدامات کی حمایت بھی فروری کے مقابلے میں 10 پوائنٹس کم ہو کر 49 فیصد رہ گئی ہے جبکہ فروری میں59 فیصد افراد ان کی حمایت کرتے تھے۔
مزید پڑھیں: امریکی شہریت اب صرف پیدائش سے نہیں ملے گی، سپریم کورٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کے حق میں فیصلہ دیدیا
سی بی ایس کے مطابق ملک بدری کے پروگرام کی حمایت میں ان مہینوں میں کمی آئی ہے اور اب یہ معمولی منفی بن چکی ہے، جبکہ اس کی حمایت زیادہ تر صرف ریپبلکنز اور ایم اے جی اے حامیوں تک محدود ہو گئی ہے، امیگریشن پالیسیوں کی حمایت سیاسی بنیادوں پر واضح طور پر منقسم ہے۔
ریپبلکنز میں سے 91 فیصد نے صدر ٹرمپ کی ملک بدری کی پالیسی کی حمایت کی، ڈیموکریٹس میں صرف 14 فیصد نے حمایت کی جبکہ 86 فیصد نے مخالفت کی، آزاد ووٹرز میں 59 فیصد نے مخالفت اور 41 فیصد نے حمایت کی۔
مزید پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے لائبیریا کے صدر کی انگریزی کی تعریف مگر لائبیرینز ناراض کیوں؟
اسی طرح حراستی مراکز کے استعمال پر بھی جولائی کے سروے میں ملے جلے ردعمل سامنے آئے، 58 فیصد افراد نے ان کی مخالفت جبکہ 42 فیصد نے حمایت کی، 85 فیصد ریپبلکنز نے حراستی مراکز کی حمایت کی جبکہ صرف 15 فیصد ڈیموکریٹس ان کے حق میں تھے۔
یہ سروے 16 سے 18 جولائی کے درمیان امریکا بھر میں 2,343 بالغ افراد سے کیا گیا اور اس کی ممکنہ غلطی کی شرح ±2.5 پوائنٹس ہے۔