اسرائیلی جارحیت: غزہ پر شدید بمباری، 12 فلسطینی شہید، متعدد زخمی

منگل 9 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فلسطین پر جارحیت برقرار، غزہ پر شدید بمباری سے 12 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔ اسرائیلی طیاروں کی غزہ کی پٹی پر بمباری کے نتیجے میں مزاحمتی تنظیم اسلامی جہاد کے 3 سینیئر ترین کمانڈر بھی شہید ہو گئے۔

عرب ٹی وی چینل ’الجزیرہ‘ کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے ایک بار پھر غزہ پر شدید بمباری شروع کر دی، رات گئے ہونے والی بمباری کے نتیجے میں اسلامی جہاد کے 3 کمانڈر بچوں اور اہل خانہ سمیت شہید ہو گئے۔ شہید فلسطینیوں میں ’القدس بریگیڈ‘ کے کمانڈر خلیل، بریگیڈ کے ترجمان طارق اور سیکرٹری جہاد غنیم شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے رفاہ اور خان یونس پر اسرائیلی طیاروں نے شدید بمباری کی۔ جس سے متعدد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا، بیشتر افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ مزید شہادتوں کا خدشہ ہے۔

فلسطینی وزیر صحت نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے رہائشی علاقے کو نشانہ بنایا گیا ہے، رہائشی علاقوں پر حملے سے ہمیشہ زیادہ ہلاکتوں کا خدشہ ہوتا ہے۔ آج بھی بہت سے فلسطینی شہری متاثر ہوئے ہیں۔ زخمیوں کی تعداد زیادہ ہے تاہم اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے رات گئے غزہ شہر کے وسط میں واقع رہائشی عمارت پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں عمارت کو  آگ لگ گئی۔ آگ لگنے کے باعث عام شہریوں کی ہلاکتیں ہوئیں اور متعدد زخمی ہوئے۔

بشکریہ الجزیرہ

دوسری جانب  فلسطین کی جانب سے جوابی حملے کے خطرے کے پیشِ نظر جنوبی اسرائیل میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، فلسطینی جہادی تنظیم کے راکٹ حملوں سے بچنے کے لیے اسرائیل کے جنوبی علاقے میں لوگوں کو بم شیلٹرز میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

الجزیرہ کے مطابق حماس کے رہنما اور سابق وزیراعظم اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی افواج کو اس کے نتائج بھگتنا پڑیں گے۔ اس طرح رہاشی عمارتوں پر رات گئے جارحیت سے خاموش نہیں ہو جائیں گے بلکہ مزید مزاحمت کریں گے۔

رپورٹ کے مطابق 40سے زائد اسرائیلی جہازوں اور ڈرونز کے ذریعے غزہ پر بمباری کی گئی۔

دوسری طرف اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ 10سے زائد مقامات پر اسلحہ اور گولہ بارود کے ڈیپو تھے جنہیں نشانہ بنایا گیا۔

بشکریہ الجزیرہ

واضح رہے کہ غزہ پر تازہ ترین حملے ایک ہفتے کے بعد ہوئے، ایک ہفتہ قبل بھی اسرائیل نے عام شہریوں کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنایا۔ اسی طرح حالیہ رمضان المبارک میں بھی اسرائیلی فوج مسجد اقصیٰ میں نمازیوں پر حملہ آور ہوئی تھی اور نمازیوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

اسرائیلی حملے کی وجہ سے غزہ کی پٹی میں آج سکول بند اور تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp