سینیٹ انتخابات: پنجاب سے مسلم لیگ ن کے امیدوار حافظ عبدالکریم کامیاب

پیر 21 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب اسمبلی میں سینیٹ انتخاب کے دوران مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حافظ عبدالکریم کامیاب ہو گئے۔

پریذائیڈنگ آفیسر نے گنتی مکمل ہونے کے بعد نتائج کا اعلان کیا، جس کے مطابق حکومتی امیدوار حافظ عبدالکریم 243 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے۔

یہ بھی پڑھیں: سینٹ الیکشن: پنجاب اسمبلی سےسنی اتحاد کونسل کے 5 ووٹ کس لیگی سینیٹر نے سمیٹے؟

اپوزیشن کے امیدوار مہر عبدالستار نے 99 ووٹ حاصل کیے اور دوسرے نمبر پر رہے۔ پولنگ کے دوران مجموعی طور پر 345 ووٹ کاسٹ ہوئے، جن میں سے 3 ووٹ مسترد کیے گئے۔

سینیٹ کی خالی نشست پر پولنگ صبح 9 بجے شروع ہوئی جو شام 4 بجے تک جاری رہی۔ سینیٹ انتخابات کے لیے اراکینِ اسمبلی نے 345 ووٹ ڈالے، جب کہ مجموعی طور پر اس نشست پر 4 امیدوار میدان میں تھے۔

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے چیف وہپ رانا ارشد پولنگ ایجنٹ مقرر کیے گئے، جبکہ اپوزیشن کی جانب سے رانا شہباز نے پولنگ ایجنٹ کی ذمہ داریاں نبھائیں۔

انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے حافظ عبدالکریم، تحریک انصاف کے مہر عبدالستار اور 2 آزاد امیدوار خدیجہ صدیقی اور اعجاز منہاس میدان میں تھے۔

کامیابی کے لیے کسی بھی امیدوار کو کم از کم 185 ووٹ درکار تھے۔ الیکشن سے قبل حکومتی اتحاد کو 261 اور اپوزیشن کو 108 ووٹوں کی حمایت حاصل تھی۔ گنتی مکمل ہونے پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حافظ عبدالکریم 243 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے۔

پنجاب اسمبلی کی کل نشستیں 371 ہیں جن میں سے دو نشستیں خالی ہیں، لہٰذا سینیٹ انتخاب میں کل ووٹوں کی تعداد 369 رہی۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے ووٹوں کی تعداد 229، پیپلز پارٹی کے 16، مسلم لیگ (ق) کے 11، اور مسلم لیگ (ضیا) کا ایک ووٹ ہے۔

تحریک انصاف کے پاس 27 ووٹ ہیں، سنی اتحاد کونسل کے 76، تحریک لبیک پاکستان اور مجلس وحدت مسلمین کے پاس ایک ایک ووٹ ہے، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے 7 ووٹ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ‏ پنجاب میں سینیٹ الیکشن سے پہلے ہی 7 سینیٹرز بلا مقابلہ منتخب

یہ نشست مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر پروفیسر ساجد میر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp