‏ پنجاب میں سینیٹ الیکشن سے پہلے ہی 7 سینیٹرز بلا مقابلہ منتخب

بدھ 27 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب میں سینیٹ الیکشن سے 4 روز قبل ہی 7 سینیٹرز بلامقابلہ منتخب ہوگئے۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق، جنرل نشستوں پر منتخب ہونے والے سینیٹرز میں ‏سنی اتحاد کونسل کے حامد خان اور زلفی بخاری جبکہ پاکستان مسلم لیگ ‏(ن) کے پرویز رشید، طلال چوہدری، ناصر محمود بٹ اور‏ احد چیمہ کے علاوہ حکومتی اتحاد کے محسن نقوی بھی شامل ہیں۔

پنجاب میں سینیٹ کا محاذ

پنجاب کی 7 جنرل نشستوں پر 12 امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا، تاہم 5 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے، جس کے بعد 7 جنرل نشستوں پر 7 امیدوار ہی میدان میں رہ گئےاور تکنیکی طور پر ساتوں امیدوار بلا مقابلہ کامیاب بھی ہوگئے۔ جنرل نشستوں پر مسلم لیگ ن کے 4، تحریک انصاف کے 2 اور حکومتی اتحاد کا ایک امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوئے۔

کاغذات نامزدگی واپس لینے والے کون ہیں؟

ولید اقبال، شہزاد وسیم، اعجاز منہاس، مصدق ملک اور عمر چیمہ نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لیے۔ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے پنجاب میں اب تک ٹیکنوکریٹ کی نشست پر ایک اور جنرل نشستوں پر 5 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لیے۔ مصطفیٰ رمدے نے ٹیکنوکریٹ کی نشست پر اپنے کاغذات واپس لیے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق سینیٹ انتخاب 2 اپریل کو ہوں گے جس کے لیے کاغذات نامزدگی 15 سے 16 مارچ تک جمع کرائے گئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp