ہونڈا ایٹلس نے پاکستان میں تیار کی گئی ہونڈا سٹی 1.2 لیٹر گاڑیوں کی ایک اور کھیپ جاپان برآمد کر دی جس میں 38 یونٹس شامل ہیں۔ یہ جاپان کو کمپنی کی جانب سے بھیجی گئی دوسری کھیپ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹویوٹا کا پاکستان میں تیار کی گئی گاڑیاں یورپی ممالک کو برآمد کرنے کا اعلان
یاد رہے کہ پہلی کھیپ اپریل 2025 میں روانہ کی گئی تھی جس میں 40 گاڑیاں شامل تھیں۔ اس اقدام کو پاکستان کی آٹو انڈسٹری کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا تھا۔
کمپنی کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ برآمدات مقامی سطح پر تیار کردہ گاڑیوں کے معیار اور پیداوار میں بہتری کی عکاسی کرتی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ہونڈا کا عالمی سپلائی چین میں کردار بھی مستحکم ہو رہا ہے۔
مزید پڑھیے: اٹلس ہونڈا کا الیکٹرک اسکوٹر متعارف کرانے کا اعلان، پہلا ماڈل کب تک متوقع؟
پاکستان کی دیگر آٹو کمپنیوں نے بھی عالمی منڈیوں کا رخ کرنا شروع کر دیا ہے۔ جولائی 2023 میں ٹویوٹا انڈس نے فورچیونر، کرولا کراس اور آئی ایم وی ماڈلز سمیت 50 گاڑیاں برآمد کی تھیں جبکہ چانگان پاکستان نے اوشان X7 ایس یو ویز کی 14 گاڑیاں کینیا اور تنزانیہ روانہ کیں۔
مزید پڑھیں: فنانس بل کے تحت لیوی کا نفاذ، ہونڈا اٹلس نے گاڑیوں کی قیمت میں اضافہ کردیا
حال ہی میں ہنڈائی نشاط نے بھی اس دوڑ میں شمولیت اختیار کی ہے اور اپنی سانتافے ہائبرڈ گاڑیاں سری لنکا کو برآمد کی ہیں۔ ان اقدامات سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستانی گاڑیاں اب بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی قدم جمانے کے لیے پرعزم ہیں۔














