وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے سیدپور میں موسلادھار بارش اور پانی کے تیز دباؤ کے باعث دو گاڑیاں نالے میں بہہ گئیں۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق بارش کے بعد علاقے میں موجود غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کیا جائے گا، جب کہ سینی ٹیشن ٹیمیں نکاسی آب کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: محکمہ موسمیات کی 25 جولائی تک مزید بارشوں کی پیشگوئی، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
انہوں نے بتایا کہ سیدپور میں قائم تجاوزات کی وجہ سے پانی نشیبی علاقوں میں جمع ہوا، مکمل صفائی تک آپریشن جاری رہے گا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، گلگت بلتستان، شمال مشرقی و جنوبی بلوچستان اور جنوبی سندھ میں بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بعض علاقوں میں موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بالائی خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر شدید بارش ہو سکتی ہے، جب کہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، اٹک، سرگودھا، خوشاب، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال اور منڈی بہاؤالدین میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ لاہور، شیخوپورہ، قصور، حافظ آباد اور گرد و نواح میں بھی بارش متوقع ہے۔
بہاولنگر، بہاولپور، رحیم یار خان، راجن پور اور ڈیرہ غازی خان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کے آثار ہیں۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع جن میں چترال، دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، شانگلہ، مالاکنڈ، پشاور، نوشہرہ، صوابی، باجوڑ، مردان، کرم، اورکزئی، ہنگو، کوہاٹ، بنوں اور وزیرستان شامل ہیں، وہاں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
بلوچستان کے بارکھان، سبی، کوہلو، موسیٰ خیل، لورا لائی، ڈیرہ بگٹی، نصیر آباد، ژوب، کوئٹہ، مستونگ، زیارت، قلات، خضدار، آواران، لسبیلہ اور قرب و جوار کے علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سندھ کے مختلف شہروں جن میں کراچی، ٹھٹھہ، حیدرآباد، میرپور خاص، مٹھی، تھرپارکر، بدین، عمرکوٹ، سکھر، کشمور، شکارپور، جیکب آباد، لاڑکانہ، نوشہرو فیروز، دادو اور شہید بینظیر آباد شامل ہیں، وہاں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مون سون بارشیں: 24 گھنٹوں میں مزید 13 اموات، مجموعی ہلاکتیں 216 تک جا پہنچیں
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔