پنجاب وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ نے راولپنڈی میں ایک گاڑی میں غیر قانونی طور پر منتقل کیے جانے والے ببر شیر کو قبضے میں لے لیا۔ یہ کارروائی چک بیلی روڈ پر کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں خاتون پر شیر کے حملے بعد کریک ڈاؤن، 13 شیر برآمد
محکمہ جنگلی حیات کے حکام کے مطابق ببر شیر کو معمول کی چیکنگ کے دوران گاڑی میں پایا گیا۔ ببر شیر کے مالک، فخر عباس کوئی بھی قانونی اجازت نامہ یا لائسنس فراہم کرنے میں ناکام رہے جس سے یہ ظاہر ہو کہ وہ اس جنگلی جانور کو رکھنے یا منتقل کرنے کے مجاز ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ مکمل تصدیق کے بعد معلوم ہوا کہ ببر شیر کی ملکیت یا منتقلی کے لیے کوئی اجازت نامہ جاری نہیں کیا گیا تھا۔ قانون کی خلاف ورزی پر مالک کو 60 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
مزید پڑھیے: پنجاب: غیرقانونی جانور پالنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 13 شیر برآمد، 5 افراد گرفتار
محکمہ وائلڈ لائف نے تصدیق کی ہے کہ ببر شیر کو اب ایک محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اسے مناسب دیکھ بھال اور تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔