پنجاب میں بغیر لائسنس شیر رکھنے والوں کے خلاف محکمہ جنگلی حیات نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے دوران 13 شیر برآمد کر لیے، جبکہ 5 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق صوبے بھر میں 22 مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ لاہور سے 4 شیر بازیاب کرکے 4 افراد کو گرفتار کیا گیا، ایک احاطہ سیل اور 3 مقدمات درج کیے گئے۔ گوجرانوالا سے 4 اور فیصل آباد سے 2 شیر تحویل میں لیے گئے، جبکہ ملتان میں 3 شیر برآمد کرکے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا اور 2 مقدمات درج ہوئے۔
مزید پڑھیں: کیپٹن کرنل شیر خان کو ان کی 26ویں برسی پر عسکری قیادت اور افواج سلام پیش کرتی ہیں، آئی ایس پی آر
سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کارروائی پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی طور پر شیر پالنا نہ صرف جرم بلکہ معاشرتی خطرہ بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگلی حیات کے قوانین پر سختی سے عمل درآمد ہوگا، اور قانون سے کوئی بالاتر نہیں۔ زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ جنگلی حیات کا غیر قانونی کاروبار ناقابلِ برداشت ہے اور عوامی سلامتی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ ایسے عناصر کی اطلاع ہیلپ لائن 1107 پر دیں۔