گلگت بلتستان، شاہراہ تھک بابوسر پر سیلابی ریلے کی تباہ کاریاں، 3 سیاح جاں بحق، 15 سے زائد لاپتا

پیر 21 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گلگت بلتستان میں شاہراہ تھک بابوسر پر اچانک آنے والے سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں 3 سیاح جاں بحق، 4 زخمی جبکہ 15 سے زائد سیاح لاپتا ہو گئے ہیں۔

ترجمان حکومت گلگت بلتستان ۔ فیض اللہ فراق کے مطابق گلگت بلتستان میں شاہراہ تھک بابوسر پر اچانک سیلابی ریلا آگیا، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تباہی مچادی، 3 سیاح سیلابی ریلے کی نظر ہوکر جاں بحق ہوگئے جبکہ 15 سے زیادہ سیاح لاپتا ہیں، 8 سے زائد گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں، سینکڑوں سیاح مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کاغان: سیلاب کے باعث بڑی تعداد میں سیاح پھنس گئے، ہوٹل مالکان نے مفت رہائش کی پیشکش کردی

ترجمان کے مطابق زخمیوں کو ریسکیو کرکے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، لاپتا افراد کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے جبکہ مقامی آبادی کی مدد سے درجنوں سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے بہت سے سیاحوں کو مقامی افراد نے پناہ دی ہے۔

شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث علاقے میں مواصلاتی نظام درہم برہم ہوچکا ہے، فائبر نیٹ ورک متاثر ہونے کی وجہ سے ہزاروں سیاحوں کا اپنے گھروں سے رابطہ منقطع ہوچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سیلابی ریلے سے شاہراہ قراقرم کا مختلف علاقوں سے رابطہ منقطع، سیاح پھنس گئے

ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت جاری کی ہے کہ پھنسے ہوئے تمام افراد کو ریسکیو کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں، متاثرہ علاقے میں ریسکیو آپریشن تیز کر دیا گیا ہے، جبکہ متاثرین کو خوراک اور طبی امداد فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

دوسری جانب گلگت بلتستان کے علاقے دیامر میں شدید بارش کے بعد سیلابی ریلے کے باعث شاہراہ قراقرم مختلف مقامات پر ٹریفک کے لیے بند ہوگئی ہے، جس سے سیاح پھنس کررہ گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سوات حادثہ، سیاح پانی میں کیسے ڈوبے، عینی شاہد نے پوری صورتحال بیان کردی

ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق دیامر میں شدید بارش کے بعد سیلابی ریلے سے شاہراہ قراقرم اور چلاس جھلکڑ روڈ کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے، شاہراہ قراقرم اور ڈونگ سمیت مختلف مقامات پر ٹریفک کے لیے بند ہے۔

چلاس جھلکڑ روڈ اور شاہراہ قراقرم کی بندش سے مسافر اور سیاح پھنس گئے ہیں، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے متعلقہ اداروں کو سیاحوں کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp