جڑواں شہر راولپنڈی اور اسلام آباد میں مون سون سیزن کے چوتھے اسپیل میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اسلام آباد میں گزشتہ روز 38 ملی میٹر بارش ریکارڈ ، راولپنڈی 54، مری میں 42 ملی میٹر بارش ریکارڈ، اسلام آباد کے علاقے سید پور میں 64 ملی میٹر جبکہ راولپنڈی میں سب سے سے چکلالہ کے علاقے میں 65 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، گولڑہ میں 23، جبکہ یاب ایٹ میں 29 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، نالہ لئی کٹاریاں کے مقام پر 5 فٹ کی بلندی پر بہ رہا ہے، جبکہ راول ڈیم کی پانی کی سطح ایک ہزار 750 فٹ کی سطح سے بلند ہونے پر سپل ویز کو صبح 11 بجے کھول دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد میں آج بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
بارش کے باعث راولپنڈی بحریہ ٹاؤن فیز 8 میں پانی داخل ہو گیا جس سے چند گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں، بارش سے ملحقہ گاؤں بھی زیر آب آئے، گائوں باغ راجگان، کھڑکنے اور سوہاوہ میں لوگوں کے گھروں میں پانی داخل ہوا جس سے مالی نقصانات کے اطلاعات مل رہی ہیں۔ شہر کی مختلف سڑکوں پر پانی جمع ہو چکا ہے۔ ٹریفک پولیس راولپنڈی کے مطابق اڈیالہ روڈ اور اس کے اطراف پانی کے باعث ٹریفک متاثر ہے۔ اس کے علاوہ بسکٹ فیکٹری چوک، خواجہ کارپوریشن، سول لائنز سرکل اور یونیورسٹی چوک میں پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک سست روی کا شکار ہے۔
اسلام آباد میں مسلسل بارش کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح 1 ہزار 750 فٹ تک پہنچنے پر ضلعی انتظامیہ نے سپل ویز 11 بجے دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہےاور شہریوں سے التماس ہے کہ ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔
گزشتہ روز سے مری میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے اور 42 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ بارش اور تیز ہوا سے مری راولپنڈی کی ٹی روڈ پر سالگراں، اور ایکسپریس وے پر بوستال موڑ کے قریب مختلف مقامات پر درخت سڑکوں پر گر چکے ہیں جس سے ٹریفک متاثر ہے البتہ درختوں کو ہٹانے کے لیے آپریشن جاری ہے۔