پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان، 100 انڈیکس میں 1600 پوائنٹس کا اضافہ

منگل 22 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پچھلے سیشن میں مندی کے بعد منگل کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اوربینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1600 کے قریب پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دوپہر 12 بج کر 45 منٹ پر کے ایس ای 100 انڈیکس 139,836.63 پوائنٹس پر موجود تھا، جو کہ 1,619.05 پوائنٹس یعنی 1.17 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

خریداری کا رجحان اہم شعبوں میں دیکھا گیا جن میں کمرشل بینکس، سیمنٹ، تیل و گیس کی تلاش، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں، بجلی کی پیداوار اور ریفائنری شامل ہیں۔ بڑی کمپنیوں جیسے ایم سی بی، حبکو، ایس این جی پی ایل، پی ایس او، پی پی ایل، او جی ڈی سی، ماری پیٹرولیم اور میزان بینک لمیٹید کے شیئرز سبز نشان میں ٹریڈ ہو رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں پہلی بار 100 انڈیکس 1 لاکھ 38 ہزار کی حد عبور کرگیا

گزشتہ روز یعنی پیر کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہفتے کا آغاز اتار چڑھاؤ کے ساتھ ہوا۔ اس مندی کی بڑی وجہ جولائی کے اختتام سے پہلے منافع کی وصولی اور گزشتہ دنوں کی ریکارڈ سطح کے بعد سرمایہ کاروں کا محتاط رویہ تھا۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 379.78 پوائنٹس یا 0.27 فیصد کی کمی کے ساتھ 138,217.58 پر بند ہوا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی سطح پر، ایشیائی مارکیٹس منگل کو 4 سالہ بلند ترین سطح کے قریب مستحکم رہیں، جس کی وجہ امریکی اسٹاک مارکیٹ یعنی وال اسٹریٹ میں ریکارڈ بندش رہی۔ سرمایہ کار اس دوران امریکہ اور اس کے تجارتی شراکت داروں کے درمیان ٹیرف پر ہونے والے مذاکرات کا بھی جائزہ لیتے رہے۔

جاپانی شیئرز نے دن کے آغاز پر کچھ بہتری دکھائی، لیکن بعد میں معمولی اضافے کے ساتھ ٹریڈ کیے گئے، بانڈز کی مارکیٹ میں ملا جلا ردِعمل رہا کیونکہ انتخابات کے نتائج پہلے سے مارکیٹ میں شامل سمجھے جا رہے تھے اور توقع سے بہتر آئے، جاپانی کرنسی ین پیر کو 1 فیصد بہتر ہوئی اور منگل کو 147.46 فی ڈالر کے آس پاس مستحکم رہی۔

مزید پڑھیں:پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا نئے مالی سال کا شاندار آغاز، کے ایس ای 100 انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر

ایم ایس سی آئی کا جاپان سے باہر ایشیا پیسیفک شیئرز کا وسیع تر انڈیکس منگل کو ابتدائی کاروبار میں اکتوبر 2021 کے بعد کی بلند ترین سطح پر پہنچا، لیکن بعد میں اس میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی۔ یہ انڈیکس سال 2025 میں اب تک تقریباً 16 فیصد اوپر جا چکا ہے۔

ادھر امریکا میں پیر کو ایس اینڈ پی 500 اور نیسڈیک نے نئی ریکارڈ سطح پر کاروبارکا اختتام کیا، جسے الفابیٹ اور دیگر بڑی کمپنیوں کے شیئرز میں اضافے نے سہارا دیا کیونکہ اس ہفتے بڑی کمپنیوں کی آمدنی رپورٹس متوقع ہیں۔

سرمایہ کاروں کی توجہ اس وقت امریکا اور یورپی یونین کے درمیان ٹیرف مذاکرات پر مرکوز ہے، جن کی ڈیڈلائن یکم اگست ہے، یورپی یونین امریکا کے خلاف ممکنہ جوابی اقدامات پر غور کر رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp