صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا نے قدرتی آفات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی ریسکیو سروس یعنی 1122 کو جدید ڈرونز فراہم کیے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کے دفتر میں ایک باقاعدہ تقریب کے دوران یہ 2 جدید وی ٹول/یو اے وی ڈرونز مکمل سازوسامان کے ساتھ ریسکیو 1122 کے حوالے کیے گئے۔ اس موقع پر متعلقہ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں بارشوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 19 ہوگئی، پی ڈی ایم اے
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق، یہ ہائی پرفارمنس ڈرونز 100 کلوگرام وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور ریسکیو مشنز، اشیائے ضروریہ کی ترسیل، فضائی نگرانی اور ایمرجنسی ردعمل میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔
ان ڈرونز کی بدولت دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں فوری امداد پہنچانا ممکن ہوگا، جبکہ متاثرہ علاقوں کی فضائی نگرانی اور خطرات کی بروقت نشاندہی بھی کی جا سکے گی۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان نے جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی پر پی ڈی ایم اے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے ایمرجنسی ریسپانس کی رفتار اور مؤثریت میں نمایاں بہتری آئے گی، جو عوامی تحفظ کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔