عمران خان کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست، لاہور ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا

منگل 9 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد حسین چٹھہ نے محمد آفاق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست کی سماعت کی، درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت کیس دوسرے بینچ  کو منتقل کردے۔

محمد آفاق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ توشہ خانہ کے حقائق چھپانے پر الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نااہل قرار دیا۔ اس کی نظیر موجود ہے کہ نااہلی کے بعد سابق وزیراعظم نوازشریف بھی پارٹی صدر نہیں رہے تھے، قانونی طور پر نااہلی کے بعد کوئی پارٹی سربراہ نہیں رہ سکتا۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ الیکشن کمیشن سے بھی رجوع کیا مگر عمران خان کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ عدالت عمران خان کو چیئرمین تحریک انصاف کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دے۔

عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp