ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی ڈھاکا پہنچ گئے، بھارت نے میٹنگ سے پھر کنارہ کرلیا

بدھ 23 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی سالانہ جنرل میٹنگ میں شرکت کے لیے بنگلادیش پہنچ گئے ہیں۔ ڈھاکا ایئرپورٹ پر بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر آمین الاسلام نے ان کا استقبال کیا۔

محسن نقوی ایشین کرکٹ کونسل کی 24 جولائی کو ہونے والی سالانہ جنرل میٹنگ کی صدارت کریں گے، جبکہ آج اجلاس میں شریک مہمانوں کے اعزاز میں خصوصی عشائیہ بھی ترتیب دیا گیا ہے۔

اس اہم اجلاس کے دوران ایشیا کپ 2025 کے شیڈول اور میزبان ملک کا فیصلہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کی میزبانی بھارت کے پاس ہے، مگر تاحال بھارتی بورڈ نے اجلاس میں شرکت کی تصدیق نہیں کی۔

مزید پڑھیں: ایشیا کپ 2025 کا شیڈول سامنے آ گیا، لیکن کیا پاکستان کھیل پائے گا؟

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی بورڈ نے اے سی سی کو آگاہ کیا ہے کہ اگر میٹنگ کا وینیو تبدیل نہ کیا گیا تو وہ اجلاس میں شرکت سے دستبردار ہو سکتا ہے۔ بھارت نے بنگلادیش کی موجودہ سیاسی صورتحال کو بنیاد بناتے ہوئے نہ صرف میٹنگ میں شرکت سے انکار کیا ہے بلکہ اگست میں ہونے والی مجوزہ سیریز بھی ملتوی کردی ہے۔

ایشین کرکٹ کونسل کے دیگر رکن ممالک کے نمائندے ڈھاکا پہنچ چکے ہیں اور اجلاس میں بھرپور شرکت متوقع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp