ثاقب نثار کے صاحبزادے کی آڈیو لیک، تحقیقات ایف آئی اے سے کرانے کا فیصلہ

منگل 9 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی نے ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو لیک کی تحقیقات ایف آئی اے سے کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیئرمین کمیٹی اسلم بھوتانی نے کہا کہ تحقیقات سے انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے۔ ہم کسی ادارے یا شخص کے خلاف نہیں ہیں خرید و فرخت کے خلاف ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی کی قائم کردہ خصوصی کمیٹی کا اجلاس چیئرمین اسلم بھوتانی کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب کی مبینہ آڈیو لیک کے معاملے پر غور کیا گیا۔ کمیٹی نے سابق چیف جسٹس کے بیٹے کی آڈیو لیک کی تحقیقات ایف آئی اے سے کرانے کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیئرمین کمیٹی اسلم بھوتانی نے کہا کہ کمیٹی وزارت داخلہ کو  ایف آئی اے سے معاملے کی تحقیقات کے حوالے سے ہدایات جاری کرے گی۔ قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی نےایف آئی اے سے  10 روز میں رپورٹ طلب کی ہے۔ خصوصی کمیٹی نے سابق چیف جسٹس کے بیٹے نجم ثاقب کو کمیٹی میں طلب کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ اس سلسلے میں چیئرمین اسلم بھوتانی نے کہا کہ نجم ثاقب اور ٹکٹ ہولڈر کمیٹی میں آکر معاملے پر مؤقف دے سکتے ہیں۔

’ تحقیقات سے انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے، یہ تحقیقات ان کے حق میں جائے گی۔‘

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کا ٹکٹ کروڑوں روپے میں ؟ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے کی مبینہ آڈیو لیک

اسلم بھوتانی نے ممبران اجلاس کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے اسمبلی کارروائی کا ریکارڈ مانگا ہے۔ اس سلسلے میں رائے ہے کہ کمیٹی اس معاملے پر فیصلہ کرے۔ رکن کمیٹی شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ کس قانون کے تحت کارروائی کا ریکارڈ مانگا جا رہا ہے، کیا کبھی سپریم کورٹ نے پارلیمنٹ کو اپنا ریکارڈ فراہم کیا ہے؟

کمیٹی کی جانب سے اجلاس میں ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے کو بھی طلب کیا گیا، کمیٹی کے سربراہ اسلم بھوتانی نے ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی کو آڈیو کا فرانزک کرانے کی ہدایت کی، جواب میں ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ فرانزک وزارت داخلہ کے تحریری احکامات پر 7 سے 10 دن میں کر سکتے ہیں۔ جس پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ وزارت داخلہ ایف آئی اے کو آج ہی تحقیقات کے لیے ہدایات جاری کرے۔
یہ بھی پڑھیں: پرویز الٰہی آڈیو لیک: وفاقی وزراء کیجانب سے تحقیقات کا مطالبہ، فرانزک کی ہدایت جاری

 چیئرمین کمیٹی نے مزید کہا کہ خصوصی کمیٹی نے نجم ثاقب کی مبینہ آڈیو فرانزک کے لیے ایف آئی اے کو بھجوا دی ہے۔ وزرات قانون و انصاف کے حکام کی طلبی کے باوجود کمیٹی میں عدم موجودگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ وزیر قانون اور ان کے حکام کا اتنے اہم اجلاس میں شرکت نہ کرنا افسوسناک ہے۔اس حوالے سے وزرات قانون و انصاف کو سمن جاری کردیا گیا ہے کہ آئندہ اجلاس میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔

دوران اجلاس سابق چیف جسٹس کے بیٹے نجم ثاقب اور ٹکٹ ہولڈر کی کمیٹی میں طلبی پر کمیٹی ممبران تقسیم  نظر آئے۔ بعض ممبران نے رائے دی کہ نجم ثاقب کو تحقیقات سے پہلے بلایا جائے اور بعض نے بعد میں بلانے کا مشورہ دیا۔

نجم ثاقب و ٹکٹ ہولڈر کی طلبی کے معاملے پر خصوصی کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس جمعہ 12 مئی کو طلب کرلیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp