تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر طویل عرصے کی روپوشی کے بعد لاہور میں واقع اپنی رہائش گاہ پہنچ گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، وہ اپنے والد اور سابق گورنر پنجاب میاں اظہر کی نمازِ جنازہ میں شرکت کریں گے۔
حماد اظہر والد کے انتقال کے بعد گھر پہنچ گئے. اللہ مرحوم کو غریق رحمت کرے اور سوگوارا کو صبر عطا کرے۔ آمین pic.twitter.com/evqNUmwBlr
— 𝓡𝓾𝓴𝓱𝓼𝓪𝓷𝓪. (@bhattispeaks) July 23, 2025
واضح رہے کہ حماد اظہر 9 مئی 2023 کو چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں ہونے والے پُرتشدد احتجاج اور سرکاری املاک پر حملوں سے متعلق مختلف مقدمات میں نامزد تھے۔ ان مقدمات میں دہشت گردی، اشتعال انگیزی اور عوامی نظم و ضبط خراب کرنے جیسے سنگین الزامات شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر کے والد میاں اظہر انتقال کرگئے
ان مقدمات کے اندراج کے بعد حماد اظہر منظرِ عام سے غائب ہو گئے تھے اور متعدد بار ان کی گرفتاری کے لیے پولیس نے چھاپے مارے، تاہم وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گرفت میں نہ آ سکے۔ ان کی طویل روپوشی کو پارٹی قیادت کی ہدایت اور قانونی ماہرین کے مشوروں سے بھی جوڑا جاتا رہا ہے۔
حماد اظہر کی اچانک واپسی اور اپنے والد کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے فیصلے کو سیاسی و قانونی حلقوں میں خاصی اہمیت دی جا رہی ہے، اور یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ جلد عدالتوں کے سامنے سرنڈر کر کے قانونی عمل کا سامنا کریں گے۔