نیوزی لینڈ کے کرکٹر اش سودھی کی پاکستانی کرکٹر سے پنجابی میں دلچسپ گفتگو، ویڈیو وائرل

منگل 9 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حال ہی میں پاکستانی کر کٹر سلمان علی آغا اور نیوزی لینڈ کے کر کٹر اش سودھی کی ایک دلچسپ ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں دونوں پنجابی زبان  میں گفتگو کر رہے ہیں۔

سلمان علی آغا پاکستانی کرکٹر ہیں جو ڈومیسٹک میچوں میں جنوبی پنجاب کے لیے اور پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کے لیے کھیلتے ہیں۔انہوں نے جولائی 2022میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی طرف سے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا۔

اش سودھی نیوزی لینڈ کرکٹر ہیں جو مشرقی پنجاب( بھارت) میں پیدا ہوئے۔ وہ دائیں ہاتھ سے لیگ سپن بال کرواتے ہیں۔ وہ جنوری 2018میں ٹی 20باؤلرز کی نمبر 1رینکنگ پر پہنچ گئے۔

ویڈیو میں سلمان علی آغا  اش سودھی سے پوچھتے ہیں کہ اس بار آپ جب پاکستان آئے ہیں تو آپ نے لاہور بھی دیکھا ہے، اسلام آباد اور راولپنڈی بھی، آپ کو کھانے میں کیا مختلف لگا؟

اش سودھی نے کہا کہ دم پخت اور شنواری بہت مزے کا تھا۔ فخر زمان نے ہمارے لیے اس کا انتظام کیا۔ ہمارے مغربی کھلاڑیوں کو وہ بہت پسند آیا۔

اش سودی نے کہا کہ یہاں کے لچھے دار پراٹھے بہت مزیدار ہیں، وہ ہم پنجابیوں کو بہت مزے کے لگتے ہیں۔

سلمان علی آغا نے اش سودھی سے پوچھا کہ کراچی، لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی کے لوگوں کے درمیان آپ کو کیا فرق لگا؟

اش سودھی نے کہا کہ جس طرح میرے انڈیا میں دوست ہیں، خاندان ہے، بالکل ویسے ہی یہاں کے لوگ بھی ہیں۔ ایسا لگتا ہے جیسے گھر ہی بیٹھا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں تھوڑی بہت اردو بھی جانتا ہوں اور پنجابی بھی بول لیتا ہوں، اسی لیے میں لوگوں سے باتیں وغیرہ کر لیتا ہوں۔

اش سودھی نے کہا کہ ان کی دادی کا تعلق لاہور سے تھا۔ تقسیم کے بعد وہ انڈیا ہجرت کر گئے تھے۔ اسی طرح ان کی والدہ کا تعلق بھی لاہور سے ہے، وہ بھی انڈیا شفٹ ہو گئی تھیں۔

موسیقی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کرکٹر نے کہا کہ انہیں ریپ میوزک بہت پسند ہے اور ان کا پسندیدہ گلوکار سدھو موسے والا ہے۔

سدھو موسے والا پنجابی گلوکار تھے جنہیں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔

اش سودھی نے مزید کہا کہ انہیں انگلش ریپ،امریکا ریپ بہت پسند ہے اور ان کا سب سے پسندیدہ پنجابی ریپ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا پسندیدہ پنجابی گانا ’او لگدی لاہور دی اے‘ ہے۔

سپن باؤلنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اش سودھی نے کہا کہ میں 12 سال کا تھا، جب میں نے سپن باؤلنگ شروع کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار وہ دیپک پاٹیل سے ملے تھے جو90 کی دہائی میں نیوزی لینڈ کے لیے کھیلتے تھے۔ اس سے وہ بہت متاثر ہوئے تھے اور وہاں سے انہوں نے لیگ سپن شروع کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp