پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ آج شیر بنگلہ اسٹیڈیم ڈھاکا میں کھیلا گیا، پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 179 رنز کا ہدف دیا، جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 110 رنز پر ڈھیر ہوگئی، پاکستان نے میچ 74 رنز سے جیت لیا۔
یہ بھی پڑھیں: دوسرے ٹی20 میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 8 رنز سے شکست دیکر سیریز جیت لی
پاکستان کے 179 رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم صرف 104 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ یہ پاکستان کے خلاف بنگلہ دیش کا ٹی 20 میں تیسرا کم ترین اسکور ہے، میزبان ٹیم کی جانب سے محمد سیف الدین 34 گیندوں پر 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ محمد نعیم 10 رنز کے ساتھ دوسرے ڈبل فگرز میں داخل ہونے والے کھلاڑی بنے۔
پاکستان کی جانب سے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر سلمان مرزا نے 4 اوورز میں 19 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کے علاوہ فہیم اشرف اور محمد نواز نے2،2، جبکہ احمد دانیال، حسین طلعت اور کپتان سلمان علی آغا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ اوپننگ جوڑی صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے شاندار آغاز فراہم کیا اور ابتدائی 8.2 اوورز میں 82 رنز جوڑے۔
یہ بھی پڑھیں: پہلا ٹی20: بنگلہ دیش نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی
صائم ایوب نے 15 گیندوں پر 21 رنز بنائے جبکہ صاحبزادہ فرحان نے 41 گیندوں پر 63 رنز کی جاندار اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد حسن نواز نے جارحانہ انداز اپنایا اور 17 گیندوں پر 33 رنز بنائے۔
اختتامی اوورز میں محمد نواز نے 16 گیندوں پر 27 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جس میں 2 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔ کپتان سلمان علی آغا 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد 4 اوورز میں 38 رنز دے کر 3 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے، جبکہ نسوم احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ شریف الاسلام اور سیف الدین نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
بنگلہ دیش نے 3 میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کی۔