نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی، فخر زمان آئی سی سی کے پلیئر آف دی منتھ قرار

منگل 9 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے خلاف بہترین کارکردگی پر فخر زمان نے آئی سی سی کے اپریل کے پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ جیت لیا۔ قومی کرکٹ کے جارحانہ بیٹر فخر زمان کو آئی سی سی کی جانب سے گزشتہ مہینے پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے پچھلے مہینے میں نامزد کردہ کھلاڑیوں میں فخر زمان سمیت سری لنکا کے پرابتھ جے سوریا اور نیوزی لینڈ کے مارک چیپمین شامل تھے۔ جس پر ووٹنگ ہوئی اور شاندار کاردگی پر فخر زمان کو باقاعدہ آئی سی سی کے پلیئر آف منتھ کا ایوارڈ دیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سماجی رابطہ ویب سائٹ ٹویٹر پر فخر زمان کو پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دی گئی اور نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے میچ میں فخر زمان کے شاندار 180 رنز کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی۔

فخر زمان نے اپنے ٹویٹر پر تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح مارک چیپمین نے ٹی ٹوئنٹی میں کارکردگی دکھائی ہے مجھے لگا تھا کہ پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ اسی کو ملے گا۔ لیکن اپنے تمام مداحوں اور ووٹرز کا شکر گزار ہوں انہوں نے مجھے چنا ہے۔

 

فخر زمان نے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی سرزمین پر پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں دو سنچریوں سمیت 363 رنز بنائے اور سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں فخر زمان نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے میچ میں 337 رنز کے بڑے تعاقب میں شاندار سنچری بنائی، فخر زمان 144 گیندوں پر 180 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

’فخر نے 17 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 180 رنز بنائے۔‘

سیریز کے پہلے میچ میں بھی فخر زمان نے 114 بالوں پر 117 رنز بنائے، جس کی بدولت قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ کی جانب سے دیئے گئے 289 کے ہدف کو با آسانی عبور کیا گیا۔

اس سے قبل اپریل میں ہی نیوزی لیںڈ کے خلاف لاہور قذافی اسٹیڈیم میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں فخر زمان نے تیز ترین بیٹنگ کرتے ہوئے 47 رنز بنائے۔

واضح رہے فخر زمان نے اپنے ایک روزہ 67 اننگز میں کپتان بابر اعظم کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 49 اعشاریہ 71 کی اوسط اور 95 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ تیز ترین 3 ہزار 148 رنز مکمل کئے ہیں۔ بابر اعظم نے اپنے کیریئر کے ایک روزہ میچز میں 3 ہزار رنز 68 اننگز میں مکمل کیے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp