انگلینڈ کے اسٹار بیٹر جو روٹ نے بھارت کے خلاف چوتھے ٹیسٹ کے تیسرے روز شاندار سینچری داغتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔ انہوں نے اسی اننگز میں پہلے راہول ڈریوڈ، پھر جیک کیلیس اور پھر رکی پونٹنگ کو پیچھے دھکیلتے ہوئے ٹیسٹ میچوں میں سچن ٹنڈولکر کے بعد دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔
یہ بھی پڑھیں: لارڈز پر جو روٹ کی حکمرانی، دہائیوں پرانے ریکارڈز توڑ دیے
یہ کارنامہ انہوں نے اولڈ ٹریفورڈ کے میدان میں انجام دیا جہاں انہوں نے زبردست تالیاں اور کھڑے ہو کر داد سمیٹیں۔
8 گیندیں، 2 عظیم اسکوررز، ڈریوڈ و کیلس کا تعاقب
جو روٹ دن کا آغاز 11 رنز سے کر رہے تھے اور ان کا ہدف نہ صرف سینچری بلکہ کئی عظیم کھلاڑیوں کے ریکارڈز کو پیچھے چھوڑنا تھا۔
پہلے تو انہوں نے صرف 8 گیندوں کے دوران 2 لیجنڈری بلے بازوں راہول ڈریوڈ اور جیک کیلس کو پیچھے چھوڑ کر خود کو ٹیسٹ کرکٹ کے ٹاپ 3 رنز اسکوررز میں شامل کر لیا۔
جو روٹ نے راہول ڈریوڈ کو 30 کے اسکور پر پیچھے چھوڑا اور ایک گیند بعد ہی جیک کیلس کو بھی پیچھے دھکیل دیا۔ صرف 120 رنز درکار تھے کہ وہ رکی پونٹنگ کو بھی پیچھے چھوڑ دیں۔ یہ کارنامہ بھی انہوں نے ایک دلکش لیٹ کٹ کے ذریعے مکمل کیا۔
مزید پڑھیے: تیسرا ٹیسٹ: پہلے روز کے اختتام پر انگلینڈ کے 4 وکٹوں پر 251 رنز، جو روٹ کی شاندار بیٹنگ
ان کے اس کارنامے پر گراؤنڈ میں موجود شائقین نے کھڑے ہو کر داد دی جبکہ اس سنگ میل کا اعلان بھی میدان میں کیا گیا۔ تاہم جو روٹ نے کسی خاص جذباتی ردعمل کا اظہار نہیں کیا اور مکمل طور پر اپنی اننگز پر توجہ مرکوز رکھی۔
روٹ سینچریوں میں سنگاکارا کے برابر بھی پہنچ گئے
روٹ کی یہ 38 ویں ٹیسٹ سینچری تھی جس کے ساتھ وہ کمار سنگاکارا کے برابر آ گئے جو سینچریوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر تھے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنی 104ویں ففٹی پلس اسکور بھی مکمل کیا۔
راہ میں بس اب صرف ایک عظیم بیٹمسین، سچن ٹنڈولکر
اب صورتحال کچھ یوں ہے کہ جو روٹ کے رنز پونٹنگ کے 13،378 رنز کراس کرچکے ہیں۔ اب روٹ سب سے زیادہ رنز کے اعتبار سے صرف سچن ٹنڈولکر سے پیچھے ہیں جن کے ٹیسٹ رنز کی مجموعی تعداد 15،921 ہے۔
ایک سنگ میل اور۔۔۔
اس اننگز میں جو روٹ نے ایک اضافی سنگ میل بھی عبور کیا۔ اب جو روٹ اولڈ ٹریفورڈ کی تاریخ میں پہلے بیٹسمین بن چکے ہیں جنہوں نے اس گراؤنڈ پر 1،000 ٹیسٹ رنز مکمل کیے۔
اس طرح انہوں نے اپنے ملک کے اس گراؤنڈ کا 168 سالہ ریکارڈ کو توڑا ہے۔
سابق کپتان رکی پونٹنگ کیا کہتے ہیں؟
سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جو روٹ کو بہت بہت مبارک ہو، اب وہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب صرف ایک اور باقی ہے اور اگر ان کے کیریئر کی حالیہ رفتار دیکھی جائے تو سچن کا ریکارڈ بھی ممکن ہے۔
مزید پڑھیے: تیسرا ٹیسٹ: پہلے روز کے اختتام پر انگلینڈ کے 4 وکٹوں پر 251 رنز، جو روٹ کی شاندار بیٹنگ
روٹ کی یہ اننگز انگلینڈ کی جانب سے بڑے اسکور کے حصول میں مددگار رہی اور اولڈ ٹریفورڈ کے ناظرین نے ان کے ہر رنز پر پرجوش انداز میں داد دی۔۔