عمران خان کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کارکنان کا احتجاج، ایک جاں بحق، متعدد زخمی

منگل 9 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے نیب کے القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنان سراپا احتجاج ہوگئے۔ پولیس کے ساتھ تصادم کے واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے فیصل آباد میں واقع ڈیرے  پر کارکنان نےدھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں وفاقی وزیر کے ڈرایئور سمیت 4 افراد زخمی ہوئے۔

پی ٹی آئی چیئرمین کی گرفتاری کے بعد پارٹی قیادت نے احتجاج کی کال دی جس پر لبیک کہتے ہوئے ملک بھر میں کارکنان سڑکوں پر نکل آئے۔ احتجاج کا آغاز لاہور میں زمان پارک کے علاقے سے ہوا جہاں سڑک اور کینال روڈ ٹریفک کے لیے بند کردی گئی۔ پی ٹی آئی نے آئندہ انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے والے امیداواروں کو بھی ہدایت کی کہ وہ کارکنان کو لے کر لبرٹی چوک پہنچیں۔

 لاہور شہر میں حالات کشیدہ ہوگئے جس کے بعد شہر دفعہ 144 کا نفاذ کرتے ہوئے رینجر طلب کر لی گئی۔

وزارت داخلہ پنجاب کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کا مطلب امن و امان کو برقرار رکھنا ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر اعجاز چوہدری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکنان پر امن رہیں۔ احتجاج  ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے۔ حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

تحریک انصاف کے کارکنان کا پشاور میں احتجاج

 دوسری جانب پشاور میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنان احتجاج کررہے ہیں اور انہوں نے جی ٹی روڈ کو بند کردیا ہے۔ تحریک انصاف کے مشتعل کارکنان نے میڈیا کارکنان پر بھی حملے کیے اور دو نجی ٹی وی چینلز کی ڈی ایس این جی کے شیشے توڑ دیے۔ مشتعل کارکنان کے تشدد سے نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر عارف حیات زخمی ہوگئے۔

مشتعل افراد نے خیبر پختونخوا اسمبلی اور ریڈیو پاکستان کی عمارت میں بھی توڑ پھوڑ کی ہے۔

امن وامان کی صورت حال کے پیش نظر پشاور میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔

 اس کے علاوہ مشتعل مظاہرین نے سوات موٹر وے کو بند کر کے چکدرہ انٹر چینج کو آگ لگا دی۔

مالا کنڈ ڈویژن میں درگئی، مالاکنڈ ٹاپ اور چکدرہ کے مقام پر احتجاج کیا جارہا ہے اور کارکنان عمران خان کے حق میں نعرے بازی کررہے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی تحریک انصاف کے کارکنان کا احتجاج

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی پی ٹی آئی کارکنان نے احتجاج کیا۔ تحریک انصاف کے کارکنان سری نگر ہائی پر مجتمع ہوگئے اور شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔ کارکنان نے فیض آباد انٹرچینج بھی بند کر دیا۔ میلوڈی میں نیب راولپنڈی آفس کے باہر بھی کارکنا ن نے احتجاج کیا۔ پولیس نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ شروع کر دی۔

عمران خان کی گرفتاری کے خلاف کوئٹہ میں پی ٹی آئی کارکنوں کا احتجاج

عمران خان کی گرفتاری کے خلاف کوئٹہ میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنان نے احتجاج کیا ہے۔ صوبائی سیکریٹریٹ سے احتجاجی ریلی  کے شرکا نے ایئرپورٹ روڈ کی طرف مارچ کیا اور پارٹی چیئرمین کی گرفتاری کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

ترجمان پی ٹی آئی بلوچستان کے مطابق پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کے نتیجے میں ایک کارکن جاں بحق ہو گیا ہے ۔

 اس کے علاوہ دھکم پیل کے دوران پولیس کے 6 اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔

 پی ٹی آئی کارکنوں نے ایئرپورٹ روڈ کو ہر قسم ٹریفک کے لیے بلاک کر دیا، پی ٹی آئی کارکنوں نے ٹائر جلا کر احتجاج کیا، احتجاجی مظاہرے کی قیادت صوبائی صدر ڈاکٹر منیر بلوچ  نے کی۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں مشتعل افراد نے پولیس پر حملہ کرتے ہوئے ایس پی، ڈی ایس پی کینٹ اور ایس ایچ او بجلی روڈ کو شدید زخمی کر دیا ہے جبکہ جھڑپ کے دوران دیگر پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔

ترجمان بلوچستان پولیس نے بتایا کہ مشتعل ہجوم نے پیٹرول بم کا استعمال کرتے ہوئے پولیس کی 2 گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مشتعل ہجوم نے اپنے ساتھ اسلحہ بھی رکھا ہوا تھا۔

پولیس کے مطابق حملے میں ملوث کچھ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ عوام کسی بھی پر تشدد مظاہرے کا حصہ نہ بنیں۔

دوسری جانب حکومت کی طرف سے امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر کوئٹہ میں دفعہ 144 کا نفاذ کردیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کے کارکنان کا کراچی میں احتجاج

 عمران خان کی گرفتاری کے خلاف کراچی میں پی ٹی آئی کارکنان نے شارع فیصل پر احتجاج کیا اور ٹریفک کو بلاک کردیا۔ مشتعل مظاہرین نے   رینجرز چوکی کو آگ لگا دی اور جگہ جگہ ٹائر بھی جلائے۔ اس کے علاوہ مشتعل کارکنان نے شارع فیصل پر پانی کے ٹینکر کو بھی جلا ڈالا ہے۔

بلا جواز گرفتاری پر کراچی میں بھی احتجاج جاری ھے#وقت_نہیں_گھر_رُکنے_کا#کب_نکلو_گے pic.twitter.com/07nps0TFU8

فیصل میں بھی کا کارکنان سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے فیصل آباد میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے گھر پر بھی پتھراؤ کیا ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے رینجرز نے حراست میں لیا۔ انہیں نیب میں چلنے والے مختلف کیسز میں سے ایک القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا گیا۔عمران خان کی گرفتاری کے موقع پر وکلا نے بھی رینجرز کے خلاف مزاحمت کی تھی جس کے نتیجے میں گلگت بلتستان پولیس کے اہلکار اور وکلا بھی زخمی ہوئے۔

خواتین کارکنان کا لاہور کور کمانڈر ہاؤس کے باہر احتجاجی دھرنا

پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سےا یک تصویر ٹوئٹ کی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پارٹی کی خواتین کارکنان لاہور کے کور کمانڈر ہاؤس پر سراپا احتجاج ہیں۔

پاکستان ہائی کمیشن لندن کے باہر بھی احتجاج

عمران خان کی گرفتاری کے خلاف تحریک انصاف کے چاہنے والوں نے پاکستان ہائی کمیشن لندن کے باہر بھی اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے اور نعرے بازی کی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp