اسلام آباد کے علاقے ترنول میں گدھے کے گوشت کی فروخت کا سنسنی خیز انکشاف سامنے آیا ہے جس پر فوڈ اتھارٹی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے غیرملکی ملزم کو گرفتار کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ترنول میں ایک غیر ملکی شہری کے فارم ہاؤس میں گدھوں کو ذبح کر کے ان کا گوشت فروخت کیا جارہا تھا جس پر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے مذکورہ فارم ہاؤس پر چھاپہ مارا۔
یہ بھی پڑھیے: حکومت جواب دے کہ ملک میں گدھیوں کی تعداد کیوں نہیں بڑھ رہی؟ جنید اکبر کا قومی اسمبلی میں سوال
چھاپے کے دوران فارم ہاؤس سے تقریباً 60 زندہ گدھے برآمد کیے گئے جبکہ 25 من تیار گوشت بھی ملا جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔ فارم پر موجود گدھوں کو حکام نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔
فوڈ اتھارٹی کے چھاپے کے وقت پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی، نامعلوم غیر ملکی ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ گوشت ممکنہ طور پر بیرونِ ملک سپلائی کیا جا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سپلائی چین اور اس نیٹ ورک کے دیگر افراد کا سراغ لگانے کے لیے تفتیش جاری ہے۔