وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت امن و امان سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں باجوڑ واقعے کے تناظر میں صوبے کی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل چیف سیکریٹری اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: باجوڑ بم دھماکا: اسسٹنٹ کمشنر، تحصیلدار سمیت 4 افراد شہید، 11 زخمی
متعلقہ اداروں نے وزیراعلیٰ کو امن و امان کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی، خصوصاً باجوڑ میں حالیہ دہشتگردی واقعے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے باجوڑ سانحے میں شہید ہونے والے سویلینز اور سکیورٹی اہلکاروں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ نے شہید سویلینز کے لواحقین کے لیے ایک ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا، جبکہ شہید سکیورٹی اہلکاروں کے اہل خانہ کے لیے بھی ایک ایک کروڑ روپے مالی معاونت فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا۔
اس کے علاوہ باجوڑ واقعے میں زخمی ہونے والے سویلینز اور سکیورٹی اہلکاروں کو 25، 25 لاکھ روپے دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈی آئی خان سے سرگرم ‘گنڈاپور گروپ’ کا افغان طالبان سے کیا تعلق ہے؟
اجلاس میں دہشتگردی کے خلاف مؤثر اقدامات یقینی بنانے اور مستقبل میں اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے مربوط حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔