پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خیبر پختونخوا سے خواتین کی مخصوص نشست پر ہونے والے سینیٹ ضمنی انتخاب کے لیے مشال یوسفزئی کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیا ہے۔ یہ نشست ثانیہ نشتر کے استعفے کے بعد خالی ہوئی تھی۔
ذرائع کے مطابق ٹکٹ پارٹی بانی عمران خان کی ہدایت پر جاری کیا گیا، جبکہ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ دیگر امیدواران ساجدہ بیگم، مومنہ باسط، ثمیرہ شمش، اور صائمہ خالد کو 30 جولائی تک دستبردار ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: سینیٹ ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی 6 میں سے 4 نشستیں جیتنے میں کامیاب
الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق سینیٹ کا ضمنی انتخاب 31 جولائی کو ہوگا۔
ادھر عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو نے وضاحت کی ہے کہ مشال یوسفزئی کی نامزدگی میں بشریٰ بی بی کا کوئی کردار نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ بشریٰ بی بی نے مشعل کے لیے کسی بھی عہدے کی سفارش نہیں کی۔ ہمیں نہیں معلوم مشعل کو کس نے تجویز کیا۔
مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 3 اور سینیٹ کی ایک نشست پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا
مریم ریاض نے مزید کہا کہ بیرسٹر سیف نے عمران خان کو ایک فہرست پیش کی تھی، لیکن ہمیں معلوم نہیں کہ خان صاحب کو کیا بتایا گیا یا انہوں نے کس بنیاد پر منظوری دی۔