مانچسٹر ٹیسٹ کے ڈرا ہونے کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ اور ٹی20 رینکنگ میں نمایاں تبدیلیاں ہوئی ہیں۔ انگلینڈ کے جو روٹ نے 150 رنز کی اننگز کھیل کر نہ صرف آسٹریلوی لیجنڈ رکی پونٹنگ کو پیچھے چھوڑا بلکہ ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن مزید مستحکم کرلی۔
بھارت کے ابھرتے ہوئے بیٹر ابھشیک شرما نے ٹی20 انٹرنیشنل بیٹنگ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی ہے، وہ ویرات کوہلی اور سوریا کمار یادیو کے بعد یہ مقام حاصل کرنے والے تیسرے بھارتی کھلاڑی بن گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: ’پاکستانی ٹیم کی شرٹ کیوں پہنی؟‘، بھارت انگلینڈ ٹیسٹ میچ میں تماشائی کو باہر نکال دیا گیا
ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں بین ڈکٹ ٹاپ 10 میں واپس آ گئے ہیں، جبکہ رشبھ پنت ایک درجہ ترقی کے ساتھ 7ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ رویندر جدیجا 29ویں نمبر پر پہنچ گئے، جو ان کا کیریئر کا بہترین درجہ ہے۔ بین اسٹوکس نے 8 درجے ترقی کے ساتھ 34ویں پوزیشن حاصل کی۔
بین اسٹوکس ٹیسٹ آل راؤنڈرز میں بھی ترقی کرتے ہوئے تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ بولنگ رینکنگ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، جہاں جسپریت بمراہ بدستور نمبر 1 پر براجمان ہیں۔
مزید پڑھیں: رِشبھ پنت فٹنس مسائل کے باعث پانچویں ٹیسٹ سے باہر، کس کھلاڑی کو ٹیم میں شامل کیا گیا؟
ٹی20 میں آسٹریلیا کے کیمرون گرین نے 64 درجے ترقی کے ساتھ 24ویں نمبر پر جگہ بنائی، جبکہ جاش انگلیس اور ٹم ڈیوڈ بھی ٹاپ 30 میں شامل ہو گئے۔ آسٹریلوی فاسٹ بولرز نیتھن ایلس اور شان ایبٹ نے بھی رینکنگ میں نمایاں بہتری حاصل کی۔ نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری نے 10 درجے ترقی کے ساتھ ٹی20 بولنگ رینکنگ میں 19واں نمبر حاصل کیا۔